ملفوظات حکیم الامت جلد 26 - یونیکوڈ |
بروج کی تفسیر فرمایا بعض مفسرین نے بروج کی تفسیر میں اہل ہیئت کا قول لے لیا ہے جس کا عربیۃ میں کہیں نشان نہیں مزید بر آں اس کے ساتھ نجوم کو بھی شامل کر لیا کہ خاص کواکب کا خاص بروج سے تعلق مانا اور یہ اہل نجوم کا خیال ہے اور وہ بھی محض اس وہمی بناء پر کہ مثلا شمس گرم ہے اور اسد کا مزاج بھی گرم ہے تو شمس کا تعلق اسد سے ہو گا اور اس کا لغو ہونا ظاہر ہے کیونکہ اسد جو گرم ہے تو حیوان ہے نہ کہ شکل اسد جو کواکب کے اجتماع سے متخیل ہو گئی ـ نیز اب وہ شکل بھی اہل فن کے نزدیک بروج میں مجتمع نہیں رہی ـ اصل تخیلات مشوشہ کا علاج فرمایا صوفیہ کی بعض تدبیرات ریاضت ہنود سے اخذ کی ہوئی ہیں جیسا حبس دم وغیرہ اور وہ دراصل تخیلات مشوشہ کا علاج ہے اور کفار سے ایسی تدابیر کو اخذ کرنا جائز ہے جیسا کہ حضرت سلمان فارسی کی رائے حفر خندق کی تدبیر جو کفار فارس کی تدبیر تھی لے لی گئی اور چونکہ وہ نہ دین کی بات تھی نہ کفار کا شعار قومی تھا اس لئے اسی کو جائز کہا جائے گا ـ ملفوظات حضرت شاہ محمد اسحاق صاحبؒ فرمایا حضرت مولانا محمد اسحاق صاحبؒ محدث دہلوی کے دو ملفوظ عجیب سنے ایک حدیث قل ھو اللہ احد تعدل ثلث القران کے متعلق کسی نے پوچھا کہ کیا اس سے یہ کہنا صحیح ہے کہ تین بار پڑھنا ایسا ہے جیسا پورا قرآن پڑھ لیا ـ فرمایا نہیں بلکہ ایسا ہے جیسا تین ثلث قرآن پڑھ لیا اس کی شرح یہ ہے کہ اس سے یہ لازم نہیں آتا کہ تین بار پڑھنے سے پورے قرآن کے برابر ثواب مل جائے کیونکہ اس کے معنی میں دو احتمال ہیں ایک مطلق ثلث اس پر تو وہ حکم صحیح ہے دوسری ثلث معین یعنی خاص وہ ثلث جو مشتمل ہے توحید پر اس صورت میں تین بار قل ھو اللہ پڑھنا ایسا ہے جیسے تین بار وہ توحید کا حصہ پڑھ لیا اس تقدیر پر وہ حکم صحیح نہیں ـ دوسرا جواب قیام مولد کے متعلق منقول ہے کہ کسی نے قیام مولد شریف کے متعلق پوچھا تو فرمایا شیخ مجلس کو دیکھنا چاہیے ـ اور یہ جواب مجمل ہے اس کی شرح حضرت