ملفوظات حکیم الامت جلد 26 - یونیکوڈ |
|
قرآن و حدیث میں دلائل کا اہتمام کم ہے فرمایا سلف صالحین کی عبارات میں ترتیب اور دلائل کم ہیں ۔ کیونکہ جس کے سامنے حقیقت منکشف ہوتی ہے اس کو اہتمام کم ہوتا ہے ۔ اسی طرح حدیث میں اور قرآن میں دلائل کا اہتمام کم ہے ۔ مجدد صاحبؒ کا ارشاد فرمایا مجدد صاحبؒ نے بہت عمدہ بات فرمائی کہ احکام شرعیہ میں حکم کی تلاش مرادف انکار نبوت کے ہے ۔ بلا استفسار حکم احکام شرعیہ میں عمل کرنے میں عبدیت ہے فرمایا احکام شرعیہ پر بلا استفسار ( یعنی حکمتوں کی تلاش کے بغیر ) حکم عمل کرنے میں عبدیت اور یکسوئی اور راحت ہوتی ہے اور حکم کی تلاش میں یہ سب رخصت ہو جاتی ہیں ۔ سلف میں عقل کیفیات پر غالب تھی فرمایا سلف میں کیفیات تو تھیں مگر عقل کیفیات پر غالب تھی اس واسطے از خود رفتہ نہ ہوتے تھے خلف میں یہ نہیں ۔ قلق طبعی کو تدبیر اور مراقبہ سے دفع کرنے کا انسان مکلف ہے فرمایا قلق طبعی کو تدبیر سے اور مراقبہ سے دفع کرنے کا انسان مکلف ہے مطلب یہ کہ تدبیر دفع کرے خواہ دفع ہو یا نہ ہو ۔ اسی طرح وسوسہ کے زالہ کی تدبیر کرے خواہ زائل ہو یا نہ ہو ۔ غرض فعل کا مکلف ہے ثمرہ کا مکلف نہیں ۔ اگر دفع نہ ہو تو اس پر بھی راضی رہے کہ میں نے اپنا کام کر دیا ۔ آ گے اسی میں حکمت ہو گی ۔ خوف عقلی کی حقیقت فرمایا خوف عقلی کی حقیقت احتمال عقوبت ہے