ملفوظات حکیم الامت جلد 26 - یونیکوڈ |
نعم الرجل القیہ اذا حتیج الیہ نفع و ان استغنی عنہ اغںا نفسہ ۔ " نہایت اچھا ہے وہ فقیہ آدمی کہ جب اس کی طرف سے احتیاج ظاہر کی جائے تو نفع پہنچائے اور اگر بے پروائی برتی جائے تو اپنے آپ کو یکسو کر لے ،، ۔ اور کوئی یہ شبہ نہ کرے کہ تبلیغ فرض ہے کیونکہ تبلیغ ہو چکی ۔ فرض کی بھی اور اس کی ضد کی بھی ۔ اس لئے اب مندوب ہے ۔ اپنی اصلاح واجب ہے فرمایا بعض لوگوں کو مسائل فقہیہ کی تحقیق کی اجازت نہیں دیتا کیونکہ پھر وہ اس کو شغل بنا کر اصلاح سے غافل ہو جاتے ہیں ۔ اسی طرح مسائل پہنچانے کی اجازت نہیں دیتا وہ صرف اسی شغل کو اپنا کام سمجھتے ہیں ۔ اور جب سب کام سے فارغ کر دیتا ہوں تو اب ان کو کوئی کام نہیں ملتا تو پھر کام کی طرف متوجہ ہوتے ہیں ۔ ایک شخص نے اعتراض کیا ۔ لکھا کہ سلام پہنچانا سنت ہے تم اس سے کیوں روکتے ہو ۔ فرمایا وہ کیا سمجھے ؟ سلام پہنچانا مندوب ہے اور اپنی اصلاح واجب ہے اور جب مندوب پر عمل کرنے سے واجب کا ترک ہونا ہو تو مندوب کو ترک کیا جائے گا ۔ میری توجہ طلب سے ہوتی ہے فرمایا میری توجہ طلب سے ہوتی ہے یعنی جب کسی میں طلب کامل ہوتی ہے تو توجہ بھی کامل ہوتی ہے ۔ ظاہر کا اثر باطن پر فرمایا انسان کا ظاہر اس کے باطن میں موثر ہوتا ہے اگر کوئی غم کی شکل بنا لے تو تھوڑٰی دیر بعد حزن کی کیفیت محسوس ہو گی ۔ اہل خشیت پر موت کے وقت تبسم کی حالت فرمایا کثرت سے یہ منقول ہے کہ اہل خشیت پر موت کے وقت تبسم کی حالت محسوس ہوتی ہے ۔