ملفوظات حکیم الامت جلد 26 - یونیکوڈ |
|
تین مرتبہ سورۃ اخلاص پڑھنے کا ثواب ثلث قرآن کی تلاوت کے برابر ملے گا فرمایا مولانا دیو بندیؒ نے حضرت شاہ اسحاق صاحبؒ کی ایک علمی تحقیق نقل کی ہے ۔ اور فرمایا ہے کہ وہ مجھ کو بہت پسند آئی ۔ وہ یہ کہ سورہ اخلاص کی نسبت حدیث میں ہے ۔ تعدل ثلث القرآن وہ تہائی قرآن کے برابر ہے ایک طالب علم نے شاہ اسحاق صاحبؒ سے دریافت کیا کہ کیا اس حدیث کا یہ مطلب ہے کہ تین دفعہ پڑھنے سے پورے قرآن کا ثواب ہو گا ۔ شاہ صاحبؒ نے فرمایا نہیں بلکہ تین ثلث قرآن کا ثواب ملے گا ۔ میں نے اس کی وجہ مولانا دیو بندی سے تو نہیں سنی لیکن میں یہ سمجھا ہوں کہ شاہ صاحبؒ کے جواب کی بنیاد اس بات پر ہے کہ تین ثلث کی دو صورتیں ہیں ۔ ایک تو یہ کہ ایک چیز کے علیحدہ علیحدہ تین ٹکڑے کر لئے جائیں ۔ ایسے تین ثلث کو اگر ملا دیا جائے تو اس سے وہ شے پوری ہو جاتی ہے ۔ دوسری صورت یہ ہے کہ ایک ہی ثلث تین دفعہ مکرر ہو ۔ مثلا کوئی شخص ابتدائی دس پاروں کو تین دفعہ پڑھے تو یہ کہا جائے گا کہ اس نے قرآن کے ایک ثلث کو تین بار پڑھ لیا ۔ مگر یہ نہ کہا جائے گا کہ پورا قرآن شریف پڑھا ۔ اسی طرح اس جگہ دوسرا یہ بھی احتمال ہے کہ قرآن شریف کے مقاصد تین ہیں ۔ توحید ۔ رسالت اور معاد یعنی آخرت ۔ تو اس طرح توحید چونکہ تین مقاصد میں سے ایک ہے ۔ اسلئے وہ ثلث قرآن ہے اور سورہ اخلاص کا پڑھنا گویا توحید کی کل آیتوں کو پڑھنا ہے کیونکہ اس میں صرف توحید کا بیان ہے ۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ حضرت شاہ صاحبؒ بہت محقق ہیں ۔ مگر نواب صدیق حسن صاحبؒ نے کہا ہے کہ محمد اسحاق قلیل العلم کیثر الورع ہیں ۔ علم کثرت روایت کا نام نہیں بلکہ صحت ذوق کا نام ہے ۔