ملفوظات حکیم الامت جلد 26 - یونیکوڈ |
ملفوظات حکیم الامت جلد ـ 26 ـ کاپی ـ 16 اگر گدی کو ترک کر سکتے ہیں تو میری طرف رجوع کریں ـ ورنہ ساری عمر کا روگ ہے ـ تبرکات منقولہ میں میراث جاری ہوتی ہے فرمایا جو تبرکات منقولہ ہیں ان میں میراث جاری ہوتی ہے ـ اگر ایک ہی وارث قبضہ کر لے تو وہ مغصوب ہو جائیں گے ـ اور پھر مجھ کو ان کی زیارت کے جواز میں بھی شبہ ہو گیا ہے کیونکہ انتفاع عن المغصوب جائز نہیں ( یعنی کسی غضب کی ہوئی چیز سے کوئی نفع حاصل کرنا ) ـ مکان کی کنڈی پر نظر نہ ہونا چاہیے فرمایا صوفیوں نے لکھا ہے کہ کنڈی کھول کر مکان میں بیٹھے مگر نظر کنڈی پر نہ ہو کہ اب کوئی آئے گا اور کچھ دے جائے گا ـ با کمال شخص کو بد دماغی مناسب نہیں فرمایا با کمال کو چاہیے کہ بد دماغی تو نہ کرے مگر استغناء کو بھی ترک نہ کرے ـ منصور کے انا الحق کہنے کی توجیہ فرمایا اگر منصور کے قول کی توجیہ کوئی مجھ سے پوچھے تو " انا الحق ،، کے معنی یہ ہیں کہ " میں سچ مچ موجود ہوں ،، ـ سو فسطانیہ کی طرح خیالی نہیں جیسا کہ " الوزن حق ،، ـ ' النار حق ،، ـ مولانا گنگوہیؒ فرماتے تھے کہ مطلب منصور کا یہ ہے " انا علی الحق ،، یعنی میں حق پر ہوں ـ اور فرمایا کہ کسی نے کہا کہ یہ ساری خرابی " انا ،، کی ہے ـ اگر صرف " حق ،، کہتے تو کچھ نہ ہوتا ـ زیادہ خشکی اور زیادہ تری مناسب نہیں فرمایا زیادہ خشکی حرق ( جلنا ) ہے اور زیادہ تری غرق ( ڈوب جانا ) ہے ـ اس واسطے بین بین رہے ـ خلوت پسند طبیعت کا سبب فرمایا میں چونکہ ایک مجذوب کی دعا سے پیدا ہوا ہوں ـ اس واسطے طبیعت میں اس