ملفوظات حکیم الامت جلد 26 - یونیکوڈ |
حق تعالی شانہ ، سے بغض رکھنا کفر ہے فرمایا اگر حق تعالی سے محبت ہو تو حوادث کی نسبت حق تعالی کی طرف کرے ـ ورنہ زید ، عمر وغیرہ کی طرف کرے ۔ کیونکہ نا گوار واقعہ سے بغض پیدا ہو جاتا ہے اور حق تعالی سے بغض رکھانا کفر ہے ۔ اگر محبت ہو تو واقعات سے گزانی نہیں ہوتی ۔ غم میں قصدا سوچ سوچ کر رونا منع ہے فرمایا غم میں قصدا ( سوچ سوچ کر ) رونا منع ہے ۔ کاش ! کوئی حاکم شریعت کا پابند ہو فرمایا اس کے سننے کو کان ترس رہے تھے کہ کوئی حاکم شریعت کا پابند ہو ۔ ابن سعود کے متعلق ایسا سنا ہے ۔ کسی کے دل پر بوجھ نہ ہونے کی خواہش فرمایا میرے سامنے کسی کی شکایت نہ کرو ۔ میں یہ چاہتا ہوں کہ کسی طرح دل پر بوجھ نہ ہو ۔ لیلۃ القدر میں حضرت مرزا جان جاناں ؒ کی دعا فرمایا حضرت مرزا جان جاناں ؒ نے فرمایا کہ اگر مجھ کو لیلۃ القدر ملے تو میں اس میں صحبت نیک کی دعا کروں ۔ یہ بہت بڑی دولت ہے ۔ ہدیہ واپس کرتے ہوئے دو چیزوں کا خوف فرمایا کبھی کوئی ہدیہ واپس کرتا ہوں دو چیزوں کا بہت ڈر ہوتا ہے ۔ ایک نا شکری ۔ دوسرا کبر ۔ اور دل شکنی سے بھی بہت بچتا ہوں ۔ لیکن دین کی حفاظت کرتا ہوں ۔ جس کا ہدیہ قبول کرنے میں دین کے نقصان کا شبہ ہوتا ہے وہ رد کر دیتا ہوں ۔ صدقات نافلہ غنی کو دینا جائز ہیں فرمایا صدقات نافلہ غنی کو بھی دینا جائز ہیں ۔