ملفوظات حکیم الامت جلد 26 - یونیکوڈ |
ٹیلفیون کی خبر پر شہادت کا حکم فرمایا ٹیلیفون کی خبر میں اگر آواز پہچانی جائے تو شہادت مستور کے حکم میں ہے معتبر نہیں ۔ النغمۃ تشبہ النغمۃ ۔ آواز ۔ آواز کے مشابہ ہوتی ہے ۔ محبت کے تعویذ کا حکم فرمایا کسی کو اگر محبت کا تعویذ دیا جائے تو اس کیلئے یہ شرط ہے کہ اتنا مسخر اور مغلوب نہ کر دے کہ وہ مغلوب اور مسلوب الاختیار ہو کر کام کرے یہ حرام ہے ۔ اور تعویذ میں موثر حقیقۃ قوت خیالیہ ہوتی ہے ۔ اکثر قوت خیالیہ عامل کی ہوتی ہے اور کبھی کبھی معمول لہ کی ہوتی ہے اور باقی لکھنا اور پڑھنا تو معین قوت خیالیہ ہے ۔ اس واسطے میں تشویش اور غصہ کی حالت میں تعویذ نہیں لکھا کرتا کہ یکسوئی نہیں ہوتی ۔ اور کہہ دیتا ہوں کہ اثر نہ ہو گا ۔ اگر اثر منظور ہو تو پھر آنا ۔ موحد کو توجہ متعارف گراں گزرتی ہے فرمایا توجہ متعارف میں طرفین کے قلب کو عمدا کل اشیاء سے فارغ کراتے ہیں تب فائدہ ہوتا ہے اور موحد آدمی سے تو طبعا یہ مشکل ہو گا کہ کل اشیاء سے یہاں تک کہ حق تعالی سے بھی قلب کو فارغ کر دے ۔ عبد الرحمن صاحب مالک مطبع کے شیخ لکھنو میں تھے اور وہ لکھنو سے توجہ دیتے تھے ۔ اور خان صاحب کانپور ہوتے تھے ۔ ایک دن شیخ نے کہا کہ ہم نے تم کو وہاں نہیں پایا ۔ کشف سے معلوم کر لیا ۔ توجہ مفید کونسی ہے فرمایا توجہ مفید وہ ہے جو حضرات انبیاء علیہم السلام کی تھی ۔ اور وہ ہے احکام کی تبلیغ کے بعد دعا کرنا ۔ احتساب کرنا ۔ شفقت سے تعلیم کرنا توجہ متعارف کو بقا نہیں ہوتا ۔ یہ تو مسمریزم کی طرح ہے ۔ تصفیہ باطن و ازالہ رذائل تدبیر سے ہوتا ہے فرمایا تصفیہ باطن و ازالہ رذائل تدابیر سے ہوتا ہے وظیفہ سے نہیں ہوتا ۔ وظیفہ تو ثواب کیلئے ہے ۔