ملفوظات حکیم الامت جلد 26 - یونیکوڈ |
|
ملفوظات حکیم الامت جلد ۔ 26 ۔ کاپی ۔ 26 نہیں اپنا فرض منصبی ادا کیا ہے ۔ مجھ کو سلطنت کی رعایت مطلوب نہ تھی ۔ اپنے بھائیوں کو گڑھے سے بچانا تھا ۔ مگر اس فرض منصبی کے ادا کرنے پر بھی اگر شکر کیا جائے تو یہ قدر دانی ہے ۔ میں اس قدر دانی پر آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔ فرمایا یہ اس واسطے خشک جواب دیا کہ ان کو آئندہ ہمت کی فرمائش نہ ہو جا ئے ۔ عورت کو دیکھنے سے بھی بچنے کی کوشش کرے فرمایا اگر عورت کو خود نہ بھی دیکھے مگر یہ معلوم ہو کہ عورت مجھ کو دیکھ رہی ہے تو اس سے قلب میں فتنہ محسوس ہو گا اس واسطے اس سے بچنا بہت ضروری ہے ۔ توکل کی حقیقت فرمایا توکل کی حقیقت ترک اسباب ظنیہ ہے اور ترک اسباب یقینیہ وہ جائز نہیں ۔ عامی ترک اسباب ظنیہ سے بھی بچے ۔ البتہ کاملین کیلئے ترک کی اجازت ہے ۔ اپنے آپ کو اکمل سمجھنا جائز ہے فرمایا اپنے آپ کو اکمل سمجھنا تو جائز ہے مگر افضل سمجھنا جائز نہیں ۔ جاہ سے جلب مال و زر فرمایا جاہ دفع مضرت کیلئے ہے اور مال جلب منفعت کیلئے ۔ لوگ جاہ سے جلب مال اور زر کرتے ہیں ۔ اعمال کے دو نفع فرمایا اعمال کے نفع دو ہیں اجر اور نشاط اور ان سے یکسوئی ہوتی ہے جتنا یکسو ہو گا اتنا سہولت اور نشاط زیادہ پا ئے گا ۔ صرف چند مقامات دیکھ کر تقریظ لکھنا دیانت کے خلاف ہے فرمایا کسی بڑی کتاب کے چند مقام دیکھ کر سب پر تقریظ لکھنا خلاف دیانت ہے ۔