ملفوظات حکیم الامت جلد 26 - یونیکوڈ |
بھانڈ کے نزدیک سب سے بہتر اور سب سے منحوس قوم کونسی ہے فرمایا کہ بھانڈ نے ایک جگہ تماشا کیا ـ اس میں جھگڑا ہوا کہ دنیا میں سب سے بہتر قوم کون ہے اور سب سے زیادہ منحوس کون ؟ تو اس پر اتفاق ہوا کہ سب سے بہتر ہماری قوم ہے اور سب سے زیادہ منحوس ملاؤں کی قوم ہے کیونکہ ہم تو شادی کے موقع پر حاضر ہوتے ہیں اور ملاں موت کے وقت ـ پھر فرمایا کہ ایک محلہ میں ایک رئیس بیمار تھے ـ موذن سے درخواست کی کہ ہمارے لئے دعا کرو ـ میں نے کہا کہ بیچارہ ظاہر میں دعا کرتا ہو گا مگر دل میں یہ کہتا ہو گا کہ کب مرے کہ کچھ ہاتھ آوے ـ چندہ کی تحریک رؤسا کو کرنا چاہیے فرمایا کہ میں چندہ کی تحریک کا مخالف نہیں ـ مگر اس کے طریقے کا مخالف ہوں ـ یہ تحریک رؤسا کو کرنی چاہیے علماء نہ کریں ـ کیونکہ رؤسا خود بھی دیتے ہیں اور علماء چونکہ عموما خود نہیں دیتے اس واسطے شبہ ہوتا ہے کہ محض اپنے کھانے کیلئے کر رہے ہیں ـ نیز یہ بھی فرمایا کہ چندہ کیلئے مجمع میں چادر لے کر پھیرنے کی جازت ہے کیونکہ اس میں لوگوں کو سہولت پہنانے کی نیت ہے ـ مرزا غلام احمد قادیانی کی حرام خوری فرمایا کہ مرزا غلام احمد قادیانی نے لاکھوں روپیہ کھائے اور کسی نے حساب دریافت کیا تو کہا کہ حساب ہمارے پاس نہیں ہے ـ یہ جواب تو تب درست ہوتا جب لوگ خود روپیہ دیتے اور جب طلب کرنے پر روپیہ ملا ہے تو حساب دینا چاہیے ـ کیا نبوت کے ساتھ حرام خوری بھی جمع ہو سکتی ہے ؟ مسئلہ کا جواب دینے سے قبل ایک بزرگ کا معمول ایک بزرگ کی نسبت فرمایا کہ ان کا معمول تھا جب ان سے کوئی مسئلہ دریافت کرتا تو جواب سے قبل یہ سوچتے کہ اگر قیامت کے دن اللہ تعالی کے سامنے یہ مسئلہ دریافت کرتا اور میں جواب دے سکتا تو جواب دیتا ہوں ورنہ نہیں ـ بہت عجیب مراقبہ ہے ـ