ملفوظات حکیم الامت جلد 26 - یونیکوڈ |
محبت حق کی حقیقت فرمایا محبت حق کی حقیقت یہ ہے کہ اگر جہنم اور جنت نہ ہوتے تو بھی مالک اگر حکم فرماتا تو میں تعمیل کرتا ۔ جبر اور قدر سے معلق حضرت علی کا جواب فرمایا حضرت علی سے کسی نے جبر اور قدر کی نسبت سوال کیا تو فرمایا ایک پاؤں اٹھاؤ ۔ پھر فرمایا دوسرا اٹھاؤ ۔ اس نے کہا اس پر قادر نہیں ۔ فرمایا ، بس ایک قدم اٹھانے میں اختیار ہے اور دوسرے میں جبر ہے ۔ ترقی کیلئے یا لطیب کی گیارہ تسبیح بعد عشاء پڑھنا مفید ہے فرمایا " یا لطیف ،، کی گیارہ تسبیح ترقی کیلئے بہت مفید ہے ۔ بعد نماز عشاء پڑھی جاویں ۔ مقامات اور احوال فرمایا المقامات مکاسب والاحوال مواھب ۔ مقامات کوشش سے اور احوال من جانب اللہ حاصل ہوتے ہیں ۔ قلب میں بشاشت ایک عزیز کی بیماری کا حال بیان فرما کر فرمایا ، آج قلب میں ( یعنی خود حضرت کے قلب میں ) بشاشت ہے کل نہ تھی ۔ حوض سے وضو کرنا افضل ہے فرمایا حوض سے وضو کرنے کو فقہاء نے افضل لکھا ہے کیونکہ اس کی بنیاد جز لا یتجزی کی نفی پر ہے ۔ اور وجہ فضیلت مولانا دیو بندیؒ نے عجیب فرمائی کہ اس سے تواضع پیدا ہوتی ہے ۔ شریعت کے مطابق تدبیر کرنا تفویض کے خلاف نہیں فرمایا شریعت کی فرمائی ہوئی تدبیر کرنا یہ تفویض کے خلاف نہیں ۔