ملفوظات حکیم الامت جلد 26 - یونیکوڈ |
مدرسہ دیو بند نیچریوں کی اصلاح کیلئے تھا فرمایا مدرسہ دیو بند کے اختلاف کی نسبت کسی نے بہت عمدہ لطیفہ کہا ہے کہ مدرسہ نیچریوں کی اصلاح کیلئے تھا نہ یہ کہ نیچری مدرسہ کی اصلاح کریں ۔ حضرت مولانا محمد قاسم صاحبؒ کا ضابطہ کا جواب فرمایا حضرت مولانا محمد قاسم صاحبؒ کو نواب کلب علی خاں نے ( جب رام پور تشریف لے گئے ) بلایا تو مولاناؒ نے جواب دیا کہ میں دیہاتی آدمی ہوں شاہی آداب سے نا واقف ہوں اس واسطے آپ کو تکلیف ہو گی ۔ انہوں نے کہا نہیں ۔ فرمایا کسی مصاحب وغیرہ کو ہو گی ۔ کہا ہم جب خود بلا رہے ہیں ۔ بے حد اشتیاق ہے ۔ فرمایا کہ اشتیاق تو تم کو ہے اور ملنے کو آؤں میں ؟ دعا کرو کہ مجھ کو اشتیاق پیدا ہو جائے پھر ملاقات کروں گا ۔ سفید جھوٹ کا محاورہ سمجھ نہیں آتا فرمایا جھوٹ تو سیاہ ہوتا ہے خدا جانے اس کے محاودہ کی کیا وجہ ہے کہ یہ " سفید جھوٹ ،، ہے ۔ معاصی تو سب ظلمات ہیں ۔ نسبت اور اس کی اقسام ایک اہل علم نے سوال کیا کہ نسبت کی حقیقت کیا ہے ؟ فرمایا نسبت نام " تعلق مع اللہ ،، کا ہے ۔ پھر اس کے دو لازم ہیں کثرت ذکر اور دوام طاعت مگر نسبت دو قسم کی ہے ۔ ایک ضعیف اور دوسری قوی اور راسخ ۔ پہلی نسبت تو فساق کو بھی ہے ان کا بھی حق تعالی سے کچھ تعلق ہوتا ہے ۔ دوسری نسبت جو تعلق قوی ہے اس کے دو لازم ہیں ذکر و طاعت ۔ کیونکہ جس سے تعلق ہو جاتا ہے ۔ اس کی ناراضگی سے پرہیز کیا جاتا ہے جس کا نام طاعت ہے ۔ صوفی کی حقیقت فرمایا صاحب الیواقیت نے لکھا ہے کہ صوفی کی حقیقت عالم با عمل ہے ۔ ظلمات کا سبب اور اس کا اثر ایک اہل علم نے سوال کیا کہ قلب پر معصیت سے جو سیاہی ہوتی ہے اس کی حقیقت