ملفوظات حکیم الامت جلد 26 - یونیکوڈ |
ملفوظات حکیم الامت جلد ـ 26 ـ کاپی 6 مولانا محب الدین صاحب ولایتی فرمایا مولوی محب الدین صاحب ولایتی حضرت کے خلیفہ ہیں بہت صاحب کشف ہیں ایک جماعت دنیا میں ہمیشہ حق پر رہے گی فرمایا اللہ تعالی حق کو باطل کے ساتھ خلط ہونے سے ہمیشہ بچاویں گے ایک جماعت دنیا میں رہے گی جو حق و باطل میں فرق کرتی رہے گی ـ حضرات دیوبند کو زمانہ فتنہ میں پیام فرمایا میں نے حضرات دیوبند کو زمانہ فتنہ میں یہ پیام کہلا بھیجے تھے ـ ایک یہ کہ طلبہ کا ایک خاص طرز معین ہونا چاہیے مثلا لباس معین وضع کا ہو جیسا اپنے بزرگوں کا تھا بعضے کہتے ہیں کہ طلبہ اس کو آج کل اپنی تحقیر خیال کرتے ہیں مگر ایسے امور کی طرف کیوں التفات کیا جائے دوسرے میں نے یہ کیا تھا کہ عام معترضوں سے سوال جواب کرنا مفید نہیں ـ جو شخص مدرسہ پر اعتراض کرے ایک دفعہ اس کے سامنے حقیقت ظاہر کر دے پھر جواب نہ دے ـ تیسرے یہ کہا ایک اعلان کر دیا جائے کہ ہم اصول صحیحہ پر مدرسہ چلائیں گے اور چندہ کا حساب ایک دفعہ شائع کر دیں گے اور ہر شخص کو حساب نہ دیویں گے اگر ان شرائط کے ساتھ کسی کو ہم پر اعتماد ہو تو چندہ بھیجے ورنہ نہ دے ـ پہلے اکابر علماء حب جاہ والوں کو درس سے نکال دیتے تھے فرمایا پہلے اکابر علماء جس میں حب جاہ کا مرض دیکھتے تھے اس کو اپنے حلقہ درس سے نکال دیتے تھے اب اس کا کوئی اہتمام ہی نہیں ـ محاسبین مدرسہ کے لئے جواب فرمایا مختلف وفود جو مدرسہ میں محاسبہ کیلئے آتے ہیں ان کو کچھ جواب نہ دیا جائے اور نہ مدرسہ کے بارے میں ان سے کچھ گفتگو کی جائے بلکہ صاف یہ کہہ دیں کہ جو کچھ کہنا ہو اہل شوری سے کہیں پھر وہ ہم سے کہیں اور ہم سے جواب لے کر تم سے کہہ دیں ـ یہ ہے با قاعدہ جواب ـ