ملفوظات حکیم الامت جلد 26 - یونیکوڈ |
سر سید کے بارے میں شاہ غلام علی صاحبؒ کا قول فرمایا شاہ غلام علی صاحبؒ سر سید کی نسبت جب یہ پیدا ہوئے اور ان کے والد ان کو ان کی خدمت میں لے گئے ۔ فرمایا کہ یہ بہت لوگوں کو گمراہ کرے گا ۔ مرزا قادیانی کی براہین احمدیہ کے متعلق خبر مولانا محمد یعقوب صاحبؒ نے مرزا قادیانی کی براہین احمدیہ کو دیکھ کر فرمایا کہ طرز سے معلوم ہوتا ہے کہ بہت جلد لوگوں کو گمراہ کرے ۔ اخلاق نہ دار دنہ کہ اخلاق داند فرمایا بو علی سینا کسی بزرگ کی ملاقات کو گیا ۔ کچھ تقریر کی جس میں اپنا عالم ہونا ظاہر کیا ۔ بزرگ نے بعد میں کہا کہ اخلاق نہ دارد ۔ شیخ بو علی سینا کو خبر پہنچی تو ایک کتاب اخلاق میں تصنیف کی ۔ بزرگ نے کتاب دیکھ کر ایک جملہ میں سب کو رد کر دیا ۔ فرمایا من نگفتم کہ اخلاق ندا ند ، بلکہ گفتم کہ اخلاق نہ دارد ۔ تراویح پر حضورؐ کی مواظبت حکمی تھی فرمایا تراویح پر حضورؐ کی مواظبت حکمی تھی ۔ کیونکہ اگر مانع نہ ہوتا تو مواظبت کا حکم ہوتا یہ بھی مواظبت ہے ۔ ابلیس کا سجدہ نہ کرنا حضرت آدمؑ کا کمال ہے فرمایا ایک بزرگ نے کہا کہ حضرت آدمؑ کو ملائکہ کا سجدہ کرنا جیسا کمال ہے ۔ اسی طرح ابلیس کا سجدہ نہ کرنا یہ بھی حضرت آدمؑ کا کمال ہے ۔ اگر سجدہ کرتا تو اہل کمال کو شبہ ہوتا کہ کچھ مناسبت ہے تو اس وجہ سے شیطان نے سجدہ کیا ۔ اب سجدہ نہ کرنے کی صورت میں پتہ چلا کہ حضرت آدمؑ اور ابلیس کے درمیان کوئی مناسبت نہیں ۔ بقول الجنس یمیل الی الجنس ۔