ملفوظات حکیم الامت جلد 26 - یونیکوڈ |
طمع اور خوف حق گوئی سے منع کر دیتا ہے فرمایا کہ طمع اور خوف حق گوئی سے منع کر دیتا ہے مگر اہل اللہ کہ وہ اپنی زندگی میں اپنے بچوں کو یتیم اور بیوی کو بیوہ سمجھتے ہیں ـ امراء کو مرید کرنے کی فکر نہ کرنی چاہیے فرمایا کہ امراء کو مرید کرنے کی فکر نہ کرنی چاہیے ـ کیونکہ مرید تو اس کو کرے جس کو کم کم از یہ تو کہہ سکے کہ " تیری حرکت نا لائق ہے اگرچہ تو نا لائق نہیں ،، ـ حضرت حکیم الامت ؒ کی سادگی فرمایا کہ محلہ میں سے چنے کا ساگ میں خود مانگ لیتا ہوں ـ لوگ خوشی سے لا دیتے ہیں اور دال بھی ـ 12 ربیع الاول حضورؐ کی تاریخ و صال نہیں فرمایا کہ 12 ربیع الاول کو وفات کی تاریخ مقرر کرنی کسی طرح درست نہیں ـ کیونکہ حج حضورؐ کا 9 ذی الحجہ یوم جمعہ کو ہوا اور دو شنبہ کو انتقال ہوا تو 12 تاریخ کسی طرح نہیں بنتی ـ علی گڑھ کالج سے ایک طالب علم نے یہی سوال کیا تو میں نے یہ جواب دیا کہ 12 تاریخ حدیث سے ثابت نہیں ـ صرف دو شنبہ ثابت ہے ـ سورۃ الفاتحہ نماز میں واجب ہونے کا مفہوم فرمایا کہ فقہاء جو کہتے ہیں کہ فاتحہ نماز میں واجب ہے ـ اس کا مطلب یہ ہے کہ جمیع حروفہا واجب ہے اور تکرار یہ ہے کہ ایک دفعہ پڑھ کر دوبارہ پڑھے ـ مرید پر نکیر کرنا شیخ پر واجب ہے فرمایا کہ شیخ پر واجب ہے کہ مرید پر نکیر کرے ـ مرید نے جب اطاعت کا لتزام کیا ہے تو یہ ضرور تعلیم کرے ـ کچھ رقم اپنے پاس جمع رکھنا فرمایا کہ اتنا روپیہ جمع رکھتا ہوں کہ اینٹھ مروڑ کر سکوں ـ