ملفوظات حکیم الامت جلد 26 - یونیکوڈ |
گویا وہ اپنے عشق پر عاشق ہوتا ہے ۔ صوفیاء کا ایک غلط کشف فرمایا بعض صوفیاء اس کے قائل ہیں کہ جنت میں ایک جنت ہے اس میں نہ حور ہیں اور نہ قصور ۔ صرف یہ ہے ۔ رب ارنی ارنی ۔ فرمایا یہ غلط ہے ۔ اگر کشف ہے تو بھی غلط ہے نصوص کے خلاف ہے ۔ وہاں تعب نہیں ۔ راز یہ ہے کہ دنیا میں جس درجہ کی استعداد ہوتی ہے اس درجہ کا وصول نہیں ہوتا اور وہاں یہ نہ ہو گا ۔ بلکہ جس درجہ کی استعداد ہو گی اسی درجہ کا وصول ہو گا ۔ سوزش اور بے کلی نہ ہو گی ۔ خشیت لوازم عظمت سے نہیں احقر نے عرض کیا کہ عظمت حق سے وہاں جنت میں خشیت تو نہ ہو گی ۔ فرمایا نہ خشیت لوازم عظمت سے نہیں ورنہ خود حق تعالی کو اپنی عظمت کا جتنا علم ہے کسی کو بھی نہیں ۔ اور خشیت نہیں ۔ ما شاء اللہ بہت عمدہ تنویر سے روشن کیا ۔ مجنون کا ہدیہ لینا جائز نہیں فرمایا جس شخص کا دماغ درست نہ ہو اس کا ہدیہ لینا درست نہیں فرقہ اویسہ فرمایا فرقہ اویسہ حضرت اویسؒ کی طرف منسوب ہے ۔ صرف اس تشبیہ سے کہ اس میں فیض روحانی ہوتا ہے ۔ نہ اس لحاظ سے کہ حضرت اویسؒ سے اس کا مبداء ہے ۔ احقر نے عرض کیا کہ اس فیض کا احساس بھی ہوتا ہے ۔ فرمایا ہاں ، ذوق اور تقویت نسبت محسوس ہوتی ہے مگر کسب میں ۔ اس کو کچھ دخل نہیں ۔ ایک مولوی صاحب ولایتی نے عرض کیا ۔ کیا کاکا صاحب کی قبر کے ارد گرد وہاں کے سجادہ نشین وغیرہ بیٹھ جاتے ہیں بغرض استفادہ ۔ فرمایا کسبی چیز نہیں ۔ ویسے ہی کائیں کائیں کرتے ہیں ۔ اگر یہ کسبی شے ہوتی تو نبی کریمؐ کی قبر کے ارد اگرد لوگ بیٹھ جایا کرتے اور کسی سے کچھ فیض حاصل نہ کرتے ۔