ملفوظات حکیم الامت جلد 26 - یونیکوڈ |
سو اس کی شرح کیا اچھی فرمائی ـ اے از دل ما مولوی عبید اللہ سندھی کو جدید طرز سے تفسیر پڑھانے سے منع فرمایا فرمایا مولوی عبید اللہ صاحب سندھیؒ یہاں آئے تھے ـ میں نے کہا سنا ہے کہ آپ قرآن شریف کی تفسیر نئے طریق سے پڑھاتے ہیں انہوں نے کہا ہاں اس لئے کہ پرانے اصول سے تفسیر کرنے پر آجکل تشفی نہیں ہوتی ـ میں نے کہا بالکل غلط ہے اور اس کی دلیل سمجھنے کیلئے ایک تجربہ تجویذ کرتا ہوں وہ یہ کہ دو گریجویٹ ہم عمر ہم مذاق ایک ہی درجہ کے ذہن والے لیکر ایک میرے پاس چھوڑ دو اس کو میں پرانے طریق سے قرآن کی تعلیم دوں گا ـ اور دوسرے کو آپ نئے طریق پر تعلیم دیجئے ـ پھر شبہات جدیدہ دونوں کے سامنے پیش کیے جاویں پھر دونوں کے جواب کے بعد اہل شبہات سے دریافت کیا جائے کہ ان کی تشفی کس کے جواب سے زیادہ ہوئی ـ اس پر انہوں نے کہا ،، بیشک تمہارے پڑھانے میں تو یہ بات مسلم ہے مگر دوسرے ایسا نہیں پڑھا سکتے ـ میں نے کہا بالکل غلط میں کیا چیز ہوں ؟ دوسرے اگر یہ ہے تو آپ پڑھانا چھوڑ دیں ـ میرے ہی پاس بھیج دیا کریں ـ بزرگوں کے دیکھنے سے اثر فرمایا ایک شخص نے سوال کیا کہ لوگوں میں یہ مشہور ہے کہ بزرگوں کے دیکھنے سے گناہ معاف ہوتے ہیں ـ اس کی کیا دلیل ہے ـ فرمایا بظاہر تو اس کی کوئی سند نہیں ہاں شاید اس حدیث سے کہتے ہوں کہ ،، خیار عباد اللہ الذین اذا راوا ذکر اللہ ،، ـ جب ان کے دیکھنے سے خدا تعالی کی یاد ہوتی ہے اور خدا تعالی کی یاد عبادت ہے ـ اور عبادت سے گناہ معاف ہوتے ہیں اور یہ بزرگ اس کا سبب بنے بواسطہ ثواب کو سبب کی طرف منسوب کر دیا ـ وعظ نفی الحرج کے مطالعہ کی ترغیب فرمایا وعظ نفی الحرج کا انگریزی ترجمہ ہو گیا ہے مدرسہ کے دفتر میں موجود ہے اس کا مطالعہ ضرور کرنا چاہیے ـ