ملفوظات حکیم الامت جلد 26 - یونیکوڈ |
|
محقق کون ہے فرمایا شاہ ولی اللہ صاحبؒ نے فرمایا کہ محقق تب ہوتا ہے کہ صوفی بھی ہو ۔ محدث بھی ہو اور فقیہہ بھی ہو ۔ متاب از عشق رو گرچہ مجازیست ،، کا مفہوم فرمایا " متاب از عشق رو گرچہ مجازیست ،، کا یہ معنی نہیں کہ اس کے مقتضی پر بھی عمل کرے بلکہ اس سے آ گے عشق حقیقی کی طرف جائے ۔ بہت امراض باطنیہ خصوصا تکبر اس سے زائل ہو جاتا ہے ۔ حضرت حاجی صاحبؒ کو اہل وطن کا ادراک فرمایا حضرت حاجی صاحبؒ کی خدمت میں مکہ مکرمہ میں ہرن کا چمڑا بطور ہدیہ پیش کیا گیا تو فرمایا اس سے وطن کی خوشبو آتی ہے ۔ اور اسی طرح ایک آدمی تھانہ بھون کا ان کی مجلس میں حاضر ہوا اور اخیر کی صف میں بیٹھ گیا کہ جب فراغت ہو گی تو سلام کروں گا ۔ فرمایا کہ تھانہ بھون کے آدمی کی خوشبو آتی ہے ۔ اکثر ناموں میں مناسبت ہوتی ہے فرمایا ایک شخص مسجد میں نماز پڑھنے آیا ۔ امام محمدؒ اور امام شافعیؒ نے اس میں اختلاف کیا ۔ ایک نے فرمایا کہ یہ لوہار ہے ۔ دوسرے نے فرمایا کہ بڑھئی ہے ۔ وہ شخص نماز سے فارغ ہو کر جب جانے لگے تو اس کو بلا کر دریافت فرمایا کہ تم کیا کام کرتے ہو ؟ اس نے کہا کہ میں پہلے بڑھئی تھا ، اب لوہار ہوں ۔ فرمایا بعض شخص شکل دیکھ کر نام بتلا دیتے ہیں کہ اس کا یہ نام ہو گا ۔ فرمایا میں بھی تو یہ سمجھ لیتا ہوں کہ اس شخص کے نام اور اس کے درمیان میں مناسبت ہے ۔ بہت کم نام ایسے ہوتے ہیں کہ ان میں مناسبت نہیں ہوتی ۔ اکثروں کے درمیان مناسبت ہوتی ہے ۔ مولانا محمد قاسم صاحبؒ الفاظ کو سن کر فرما دیتے تھے کہ اس کا یہ معنی ہو گا حروف کے خواص ان پر منکشف ہو جاتے تھے ان کے کچھ خواص ہیں ۔