ملفوظات حکیم الامت جلد 26 - یونیکوڈ |
خشیت لوازم عظمت سے نہیں ورنہ خود حق تعالی کو اپنی عظمت کا علم ایسا ہے جو کسی کو بھی نہیں حالانکہ وہاں خشیت نہیں ( ما شاء اللہ کیسی عمدہ تنویر سے اس مسئلہ کو روشن فرمایا ) اور اصل راز یہ ہے کہ خشیت میں احتمال ضرر لازم ہے اور جنت میں یہ احتمال نہ ہو گا ـ مجنون سے ہدیہ لینا درست نہیں فرمایا جس شخص کا دماغ درست نہ ہو اس سے ہدیہ لینا درست نہیں کیونکہ مجنون کے تصرفات صحیح نہیں ـ نسبت اویس کا احساس ہو سکتا ہے فرمایا فرقہ اویسیہ حضرت اویس کی طرف منسوب ہے صرف اس تشبیہ سے کہ اس میں بلا لقاء و تعلق جسمانی روحانی ہوتا ہے نہ اس لحاظ سے کہ حضرت اویس اس کا مبداء ہیں ( احقر نے عرض کیا کہ اس فیض کا احساس بھی ہوتا ) فرمایا ہاں ذوق سے قوت نسبت محسوس ہوتی ہے مگر کسب کو اس میں کچھ دخل نہیں ـ فیض قبر معتد بہ نہیں ایک ولائتی مولوی صاحب نے عرض کیا کہ ضلع پشاور میں کاکا صاحب کی قبر کے گرد اگرد وہاں کے سجاہ نشین وغیرہ بغرض استفادہ بیٹھ جاتے ہیں فرمایا ـ یہ فیض معتد بہ نہیں اگر یہ کافی شے ہوتی تو نبی کریمؐ کی قبر شریف کے گرد اگرد لوگ بیٹھ جایا کرتے کسی اور سے کوئی کچھ فیض حاصل نہ کرتا ـ نہ ضرورت ہوتی ـ پیٹ کا دھندا فرمایا ایک بزرگ نے دوسرے سے پوچھا کہ آج کل کس شغل میں ہو ـ اس نے کہا مقام توکل کی تصیح کرتا ہوں ـ کہا اب تک پیٹ ہی کے دھندے میں لگے ہو ـ پہلے تو اسباب کے ذریعہ سے اس میں مشغول تھے اب ترک اسباب سے پیٹ کے انتظام میں ہو عشق کا شغل کب کرو گے ـ