ملفوظات حکیم الامت جلد 26 - یونیکوڈ |
سورہ یس کی تلاوت دس قرآن پاک پڑھنے کا ثواب کس صورت میں ملے گا فرمایا حدیث شریف میں جو وارد ہے کہ سورہ یسین کے پڑھنے سے دس قرآن کا ثواب ملتا ہے ۔ اس میں شبہ یہ ہے کہ ہر قرآن میں پھر یسین ہے اور ثواب میں تسلسل لازم آئے گا اور تسلسل باطل ہے ۔ فرمایا کہ جواب اس کا منقول تو نظر نہیں آیا مگر اس شبہ کا جواب میں یوں سمجھا ہوں کہ قرائت دو قسم کی ہے ایک حقیقی اور دوسری حکمی ۔ یہ ثواب سورہ یسین کا تب ہے جب کہ اس کی تلاوت حقیقی ہو ۔ حکمی کا یہ ثواب نہیں ۔ اس تحقیق کو معقولی آسانی کے ساتھ سمجھ سکتا ہے اس سے معلوم ہوا کہ معقول بھی ضروری ہے اور سلف میں معقول کی ضرورت نہ تھی ۔ کیونکہ ان کے اذہان کامل تھے ۔ ان کو معقول کا ثمرہ حاصل تھا گو شجرہ حاصل نہ تھا ۔ نیچریوں نے حضرات صحابہ کی تعریف کس انداز میں کی فرمایا نیچری صحابہ کی تعریف جب بھی کرتے ہیں تو صرف یہ کہ سیاست داں تھے ۔ ان میں ملک گیری کا مادہ تھا ۔ چنانچہ ان کی تصانیف سے یہ بات ظاہر ہے ۔ حضرت گنگوہیؒ پر حضرت حاجی صاحبؒ عاشق تھے فرمایا مولانا فتح محمد تھانوی صاحبؒ نے بیان فرمایا کہ مولانا گنگوہیؒ پر حضرت حاجی صاحبؒ عاشق تھے اور مولانا گنگوہیؒ کو حضرت حاجی صاحبؒ سے اتنی محبت نہ تھی جتنی حضرت کو مولانا سے تھی ۔ اور حقیقت میں مولانا میں اتباع السنۃ تھی ۔ اسی پر حقیقتا حضرت صاحب عاشق تھے ۔ لاہوت ، جبروت ، ملکوت وغیرہ لکھنے سے مراد فرمایا لاہوت ، جبروت ۔ ملکوت ۔ ناسوت ۔ ہاہوت یہ کوئی مقامات نہیں کہ جو مقصود ہوں اور ان کی طرف سالک کا کوئی انتقال ہوتا ہو ۔ بلکہ ناسوت سے مراد عالم انسان ہے اور ملکوت سے عالم ملائکہ ہے ۔ ذات صفات واجب کے اجمالی درجہ کو جبروت کہتے ہیں ۔