ملفوظات حکیم الامت جلد 26 - یونیکوڈ |
|
استغناء اور کبر میں فرق
فرمایا استغناء اور کبر میں بڑا فرق ہے ـ کبر تو مذموم ہے اور استغناء محمود ہے مگر غلو
استغناء میں بھی اچھا نہیں ـ البتہ غلو فی الاستغناء یعنی اہل کبر کے مقابلہ میں عالی دماغی اچھا
ہے اور خلو سب سے اچھا ہے یعنی کسی طرف التفات نہ ہو ـ
تعویذات میں نقوش حرف کا بدل ہیں
فرمایا تعویذات میں اصل تو حروف و الفاظ ہیں جو پڑھے جائیں مگر جو لوگ نہیں پڑھ
سکتے ان کے واسطے حروف کا بدل یہ نقوش ہیں جیسا کہ حصن حصین کی روایت سے معلوم ہوتا
ہے ـ و من لم یعقلھا کتبھا فی صک و عقلھا فی عنقہ ـ
مدرسہ نیچروں کی اصلاح کیلئے
فرمایا ـ فلاح مدرسہ کے اختلاف کی نسبت کسی نے بہت عمدہ لطیفہ کہا ہے کہ مدرسہ تو نیچریوں
کی اصلاح کیلئے تھا ، نہ یہ کہ نیچری مدرسہ کی اصلاح کریں جیسا کہ اس وقت چاہتے ہیں
حکایت مولانا محمد قاسم صاحبؒ
فرمایا ، مولانا محمد قاسم صاحبؒ رام پور تشریف لے گئے آپ کو نواب کلب علی
خاں والی رامپور نے بلایا ـ مولانا نے جواب دیا کہ میں ایک دیہاتی آدمی ہوں آداب شاہی
سے نا واقف ہوں اس واسطے آپ کو میرے آنے سے تکلیف ہو گی ـ انہوں نے کہا ہم خود
آپ کا ادب کریں گے نہ کہ آپ سے ادب کا مطالبہ کریں ـ ضرور تشریف لائیے مجھ کو بیحد
اشتیاق ہے ـ اس پر مولاناؒ نے فرمایا سبحان اللہ اشتیاق تو آپ کو اور ملنے کو میں آؤں ـ
دعا کرو کہ مجھے بھی اشتیاق پیدا ہو جائے پھر ملاقات کر لوں گا ـ
سفید جھوٹ یا سیاہ جھوٹ
فرمایا ـ جھوٹ تو سیاہ ہوتا ہے خدا جانے اس محاورہ کی کیا وجہ ہے کہ یہ سفید جھوٹ ہے
کیونکہ معاصی سب ظلمات ہیں ـ