ملفوظات حکیم الامت جلد 26 - یونیکوڈ |
درخواست پر وعظ فرمایا ۔ تمہید میں فرمایا کہ واعظ کی مثال طبیب کی ہے ۔ تم لوگوں میں مرض رفض کا ہے ۔ اس واسطے اس کے متعلق کچھ بیان کروں گا ۔ پھر خوب رد کیا ۔ ایک شیعی مجتہد نے اعتراض کیا کہ حضرت معاویہ کے لشکری حضرت علی کے حق میں گستاخ تھے بخلاف حضرت علی کی جماعت کے ۔ فورا فرمایا کہ پھر حضرت علی کے مذہب پر ہم ہیں اور تم حضرت معاویہ کی جماعت کے مذہب پر ہو ۔ کیونکہ ہم کسی کے بارے میں گستاخ نہیں اور تم گستاخ ہو ۔ پھر ایک مجتہد نے اعتراض کیا کہ تم حضرت عمر کی فضیلت میں یہ ذکر کرتے ہو کہ بہت فتوحات کیں ۔ اس سے تو اسلام بھی ثابت نہیں ہوتا کیونکہ حدیث میں آتا ہے ۔ ان اللہ لیؤید ھذا الدین بالرجل الفاجر ۔ اللہ تعالی اس دین کی ایک فاجر شخص سے مدد فرمائے گا ۔ مولانا ؒ نے فرمایا کہ جس دین کی امداد کی وہ دین تو ہی تھا جس پر ہم ہیں ۔ معلوم ہوا کہ دین یہی ہے ۔ حضرت مولانا شہیدؒ ایک دفعہ خرگوش کا شکار کر کے لائے تھے ایک کتا آیا اور خرگوش کا شکار سونگھ کر چلا گیا ۔ مجتہد نے کہا کہ ایسی چیز شکار کر کے لائے کہ کتا بھی بھی نہیں کھاتا ۔ فورا فرمایا کہ یہ کتوں کے کھانے کی چیز نہیں بلکہ انسانوں کے کھانے کی چیز ہے ۔ کشف سے متعلق حضرت شاہ ولی اللہ صاحب کا ارشاد فرمایا حضرت شاہ ولی اللہ صاحبؒ کا ایک بہت عمدہ بات بیان فرمائی ہے کہ جو کشف کسی کامل کو ہوتا ہے ۔ ضرور اس کی کچھ اصل ہوتی ہے ۔ جو چیز کچھ بھی نہیں وہ کیسے مکشوف ہو گی ۔ فرمایا اس میں اہل کشف پر طعن اور بدگمانی کم ہو جائے گی ۔ ریل کا ثبوت قرآن پاک سے فرمایا ریل بھی قرآن شریف کی اس آیت کے تحت داخل ہو سکتی ہے بوجہ علت کے نہ بوجہ مدلول ہونے کے ۔ کیونکہ اللہ تعالی نے انعام کے باعث احسان ہونے میں یہ وجہ فرمائی : لم تکونوا بالغیہ الا بشق الانفس ۔ تم وہاں بغیر محنت مشقت کے نہ پہنچ سکتے تھے ۔ وجہ احسان یہ ہے کہ تم بوجھ کو دوسرے شہروں کی طرف نہیں لے جا سکتے ۔ سو بوجھ سب