ملفوظات حکیم الامت جلد 26 - یونیکوڈ |
نواب ڈھاکہ کا احباب حضرت حکیم الامتؒ کو دعوت میں شرکت کا اصرار فرمایا میں جب ڈھاکہ گیا تو وہاں بنگال کے لوگ ملاقات کو آ ئے ۔ میں نے لوگوں سے کہا کہ کھانا بازار سے کھانا ۔ نواب صاحب کو پتہ چلا تو کہا ان کا کھانا بھی یہیں ہو گا ۔ میں نے کہا کہ وہ میرے احباب ہیں طفیلی نہیں ۔ آپ خود ان کی دعوت کریں وہ اگر منظور کریں تو ان کی مرضی ۔ پھر نواب صاحب نے ایک ایک جگہ پر تحقیق کر کے دعوت کی ۔ وہ میرے ساتھ وہی کھانا کھاتے جو میں کھاتا ۔ میں نے کہا کہ ملاحظہ فرمایا ۔ عزت اس میں ہے یا اس میں کہ طفیلی ہو کر شاکر ہوتے ۔ اس میں ان کا اعزاز تھا ۔ سادات حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کے تابع ہیں فرمایا ۔ طب میں یہ تحقیق ہوئی کہ بچہ والدہ کی منی سے ہوتا ہے ۔ والدہ کی منی کا انعقاد والد کی منی سے ہوتا ہے تو والد کی منی مصلح ہے اور یہ قواعد شرعیہ کے خلاف بھی نہیں بلکہ موافق ہے ۔ مثلا سادات حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کے تابع ہیں اس لحاظ اور اس طرح سے امہ ( یعنی لونڈی ) کی اولا سے اس کے تابع ہوئی ۔ ام ولد میں ۔ دوسری جہت مذکور کا خلاف اصل لحاظ تربیت کیلئے ہے ۔ اس واسطے مذکر کے تابع ہے ۔ اسی طرح حضرت مریمؑ سے عیسیؑ ۔ اور ان کی منی کا انعقاد و نفخ جبرئیلؑ سے ہوا ۔ الشیخ فی قومہ کا مفہوم فرمایا الشیطان شیخ من لا شیخ لہ کے معنی یہ ہیں من لا متبوع لہ یہ کسی کا قول ہے حدیث نہیں ہے اور ایک حدیث ہے وہ یہ ہے الشیخ فی قومہ کا لنبی فی امتہ ۔ یہاں شیخ سے مراد معمر ہے اور مردا یہ ہے کہ اس کا اعزاز کرو جیسے نبی کریمؐ کا اعزاز ہوتا ہے پیر کے معنی میں نہیں ۔ یہ تخریج عراقی للا حادیث کی ہے ۔