ملفوظات حکیم الامت جلد 26 - یونیکوڈ |
|
اور مجھ کو سب سے زیادہ اس کتاب کا خیال ہے کہ یہ کتاب جلدی چھپ جاوے گو کچھ نکاسی بھی نہ ہو ـ آخر کسی نہ کسی طرح اہل علم کے تو ہاتھوں میں پہنچ جائیگی ـ شاہ غلام علی صاحبؒ کا ارشاد ایک ضال مضل کی نسبت فرمایا کہ جب یہ پیدا ہوا تو اس کے والد اس کو شاہ غلام علی صاحب کی خدمت میں لے گئے تو دیکھ کر فرمایا یہ بہت لوگوں کو گمراہ کرے گا ـ قادیانی کے معتلق مولانا محمد یعقوب صاحبؒ کی پیشین گوئی فرمایا مولانا محمد یعقوب صاحبؒ نے اول ہی قادیانی کی براہین کو دیکھ کر فرمایا تھا کہ اس کی طرز سے معلوم ہوتا ہے کہ بہت جلد لوگوں کو گمراہ کرے گا ـ ایک آیت کی عجیب تفسیر فرمایا ایک بہت بڑے معقولی فاضل نے آیت لنعلم میں دفع اشکال حدوث کیلئے یہ غضب کیا ہے کہ علم سے مراد علم تفصیلی لیا ہے اور وہ حادث ہے البتہ علم اجمالی کا ترتب حادث پر صحیح نہیں کیونکہ وہ صفت قدیمہ اور یہ توجیہ بالکل غلط ہے کیونکہ علم تفصیلی تو اصطلاح میں خود معلومات کا نام ہے اس لئے نہ اس سے اشتقاق صحیح ہے اور نہ اس کی اسناد الی الواجب صحیح اور آیت میں اشتقاق بھی ہے اور اسناد بھی ـ قاضی ثناء اللہ صاحب پانی پتیؒ نے اس کی تفسیر پارہ سیقول میں نہایت عمدہ کی ہے اور کہا ہے کہ علم حق جو اشیاء کے متعلق ہے وہ واقع کے مطابق ہے پس ماضی کے ساتھ صفت مضی کے ساتھ متعلق ہے اور حال اور استقبال کے ساتھ حال و استقبال کی صفت کے ساتھ متعلق ہے ـ پس جو چیز مستقبل تھی اس کے ساتھ علم یوں متعلق تھا کہ یہ چیز مستقبل میں واقع ہو گی ـ اب اس علم ثابت فی الآیہ کی یوں تعبیر ہو گی کہ جس چیز کو اس طرح جانتے تھے کہ مستقبل میں ہو گی ـ اب اس طرح جان لیں کہ ماضی میں ہو چکی اور دونوں انکشافوں میں مطلق تفاوت نہیں پس یہ تغیر اضافتہ میں ہوا جو صفت معلوم کی ہے علم میں نہیں جو صفت عالم کی ہے ـ