ملفوظات حکیم الامت جلد 26 - یونیکوڈ |
عامل مقدر ہو اور وہ ایسا ہو کہ ماقبل سے مناسب بھی ہو ۔ وہ میرے خیال میں اخبرنا ہے ۔ تو تقدیر کے عقیدہ پر اثر ہوا کہ غم ہلکا ہو گیا ۔ اسی طرح ہر عقیدہ کا عمل پر اثر پڑتا ہے ۔ طلب رسید پر منی آرڈر واپس فرمانا فرمایا رنگون سے ایک خط آیا ہے لکھا ہے کہ ایک سو پچیس روپیہ مدرسہ کے لئے ارسال کئے ہیں ۔ اس کی رسید اگر نہ آئی تو آئندہ سال سے بند کر دیا جائے گا ۔ فرمایا واپس کروں گا اور وجہ یہ لکھوں گا کہ ہم نے تم سے کب مطالبہ کیا تھا ۔ یہ وہ کرے جو مطالبہ کرے ہم اسی سال سے بند کرتے ہیں ۔ تم تو دوسرے سال کا بند کرنا چاہتے ہو ۔ پانی پت کے ایک صاحب کی مدرسہ خانقاہ میں چندہ دینے کی نیت فرمایا پانی پت کے قریب ایک جگہ ہے وہاں کے ایک رہنے والے نے پندرہ روپیہ مدرسہ کے لئے پیش کئے مجھے کچھ وہم ہوا اور مجھے وہم بلاوجہ نہیں ہوتا ۔ قرائن سے اور بعض دفعہ دل میں کھٹک پیدا ہو جاتی ہے ۔ میں نے اس سے کہا کہ پانی پت قریب ہے اس میں بھی مدارس ہیں اور قریب کا حق زیادہ ہوتا ہے وہاں کیوں نہیں دیتے ۔ کہا یہاں جی چاہتا ہے ۔ میں نے یہ خیال کیا کہ اس میں ریا ہے ۔ یہ خیال میں ہو گا کہ پیر بھی راضی ہو جائے اور اللہ میاں بھی ۔ میں نے کہا کہ رات کو سوچو ۔ صبح کو آ کر کہا کہ واقعی میری نیت خراب تھی ۔ اب میں توبہ کر چکا ہوں میں نے کہا کہ اب لاؤ ۔ عرض حاجت میں ذلت ہے فرمایا اہل علم میں استغناء ہونا چاہیے ۔ عرض حاجت میں ذلت ہے ۔ پھٹے پرانے کپڑوں میں ذلت نہیں اور استغںاء میں دین کا اعزاز ہے اگر یہ نیت ہو تو ثواب بھی ہو گا ۔ دنیا داروں کے پاس نہ جائے ۔ غریب کے پاس جانے میں ذلت نہیں ہوتی ۔