ملفوظات حکیم الامت جلد 26 - یونیکوڈ |
|
احکام سلطنت کی تابعداری قانونی ہے فرمایا اگر حکومت ( یعنی انگریز کی حکومت ) کی طرف سے کوئی سوال ہو اور جواب اس وقت سمجھ میں نہ آ ئے تو یوں کہہ دے کہ اس کے جواب کیلئے میں تیار نہیں ۔ مجھے ( مثلا ) چار دن کی مہلت دی جائے یا دوسری بات بتلاتا ہوں وہ زیادہ لطیف ہے اور مسکت ہے ۔ وہ یہ کہ صاف صاف اپنی رائے کا اظہار کر دے اور کہے کہ ہم بہت امور میں عقائد میں تمہارے مخالف ہیں ۔ مثلا تم خدا کا شریک حضرت عیسیؑ کو مانتے ہو ہم اس کو کفر جانتے ہیں ۔ تم قرآن شریف کو اللہ کی کتاب نہیں مانتے ہم مانتے ہیں تم نے خود دریافت کیا اس واسطے ہم نے صاف صاف کہہ دیا ۔ جھوٹ بولنا ہمارے مذہب میں گناہ ہے ۔ ہمارے ضمیر پر اور عقائد پر تمہاری سلطنت نہیں ۔ اسی طرح ہم سلطان کی اطاعت ضروری جانتے ہیں ۔ اقوال و افعال پر تمہاری سلطنت ہے ۔ کوئی قول و فعل تمہارے قانون کے خلاف نہ ہو گا ۔ ضمیر پر سلطنت نہیں ۔ تمہاری تابعداری قانونی ہے ۔ اور اللہ اور رسول کی تابعداری قلبی ہے ۔ اطاعت کے معنی دل کھول کر کسی کی تابعداری کرنا اور خوشی سے کہنا مان لینا ۔ یہ صرف اللہ اور رسول کی ہو گی ۔ حکومت کی تابعداری قانونی ہو گی ۔ کیا دین کے کام میں کچھ نہ کچھ دشواری نہیں فرمایا مولانا شاہ فضل الرحمن صاحبؒ سے زوج مفقود الخبر کا حکم فقہی کسی نے دریافت کیا تو فرمایا کہ مذہب حنفی کے مطابق انتظار کرے ۔ سائل نے کہا کہ اس میں تو بڑی دشواری ہے ۔ فرمایا کہ دین کے اور کس کام میں دشواری نہیں ؟ نماز میں دشواری ہے ۔ حج میں دشواری ہے ۔ روزہ میں دشواری ہے جہاد میں سر کٹوانا ہے ۔ یہ سب سے زیادہ دشوار ہے ۔ تو پھر سارے دین کو چھوڑ دو ۔ ازالہ کبر کا علاج ایک شخص نے خط کے ذریعہ سے کبر کا علاج دریافت کیا فرمایا ازالہ ممکن ہے اور اس کی ضد تواضع وہ بھی ممکن ہے ازالہ کبر علاج یہ ہے کہ بار بار کبر کے عیوب یاد کرے اور اس پر عقوبت یاد کرے اور اپنے عیوب یاد کرے اور جس کو ذلیل سمجھا اس کے کمالات یاد کرے