فقہ حنفی کے اصول و ضوابط مع احکام السنۃ و البدعۃ ۔ اضافہ شدہ جدید ایڈیشن |
|
الحمدﷲ کمپیوٹر سے کتابت کراکر ان اضافات کو بھی اپنے اپنے مقام پر لاحق کردیا گیا، نقائص کو بھی دور کردیا گیا۔ اس طرح یہ دو کتابیں (فقہ اسلامی کے اصول و ضوابط مع احکام السنہ والبدعہ اور آداب افتاء واستفتاء مع آداب تصنیف و تالیف) منظر عام پر آرہی ہیں ۔ آداب افتاء و استفتاء میں چار اضافے بھی کئے گئے ہیں (۱) تصنیف وتالیف کا طریقہ اور مضمون نگاری کے آداب (۲) فقیہ النفس مولانا مفتی محمد شفیع صاحبؒ کی خصوصی ہدایات اور آداب جو افتاء و استفتاء اور علمی و تحقیقی کام کرنے سے متعلق ہیں اور جن کا بڑا حصہ معارف القرآن سے ماخوذ ہے۔ (۳) حکیم الامت حضرت تھانویؒ کی علمی و فقہی مراسلت و مکالمت جو بعض اکابر فقہاء یا عقلاء اور وکلاء سے ہوئی جن کے مطالعہ سے فقہی بصیرت اور شان تفقہ پیدا ہونے میں مدد ملتی ہے۔ (۴) آداب خط و کتابت۔ باقی دو کتابیں اجتہاد و تقلید ، اور مسئلہ تکفیر بھی انشاء اللہ اسی انداز پر منظر عام پر آئیں گی۔ تصنیفی و تالیفی کام کرنے والوں اور مفتیان کرام کے لیے ان کا باربار مطالعہ انشاء اللہ ضرور ان کی صلاحیت میں نکھار پیدا کرے گا اور قدم قدم پر مفید و معین ثابت ہوگا۔اللہ تعالیٰ محض اپنے کرم سے اس معمولی کوشش کو قبول فرمائے اور اہل علم و ارباب افتاء کو اس سے مستفید ہونے کی توفیق نصیب فرمائے۔ آمین محمد زید مظاہریؔ ندویؔ غفرلہ استاد حدیث وفقہ دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ ۱۶؍ رمضان ۱۴۳۲ھ