فقہ حنفی کے اصول و ضوابط مع احکام السنۃ و البدعۃ ۔ اضافہ شدہ جدید ایڈیشن |
|
ماہنامہ البلاغ کا تبصرہ جلد ۲۹ شمارہ ۱۴۱۵ء مطابق جنوری ۱۹۹۵ء زیرادارت: حضرت مولانا محمد تقی عثمانی صاحب مدظلہ ، دارالعلوم کراچی پاکستان حکیم الامت حضرت تھانوی رحمۃ اللہ علیہ نے اپنے بعد دین کے مختلف شعبوں سے متعلق اس قدر مفصل اور جامع تصانیف ، مواعظ اور ملفوظات چھوڑے ہیں کہ جس کی مثال پچھلے دور میں کم ہی نظر آتی ہے، اگر کوئی شخص ذرا سی توجہ کے ساتھ ان کا مطالعہ کرے تو دین اسلام کی ساری تفصیلات اس کے سامنے آجاتی ہیں ، دین کا کوئی گوشہ نظروں سے اوجھل نہیں رہتا، اور اس کے بعد عصر حاضر کی کوئی گمراہی بفضل خداوندی ایسے شخص پر اثر انداز نہیں ہوپاتی بلکہ وہ بے شمار افراد کو بھی گمراہی سے بآسانی نکال لیتا ہے۔ حضرت تھانوی کے وصال کے بعد سے حضرت تھانوی رحمۃ اللہ علیہ کی تصانیف، مواعظ اور ملفوظات پر مسلسل کام ہورہا ہے، اور اس سلسلہ میں ایک بڑا کتب خانہ بحمد للہ وجود میں آچکا ہے، اور یہ سلسلہ اب دن بدن روز افزوں ہے۔ جو حضرات اس سلسلہ میں کام کر رہے ہیں ان میں علماء، فقہاء، صوفیا، مفکرین، پروفیسر، مؤرخین حتی کہ ماہرین نفسیات تک شامل ہیں مگر ان میں آج کل ’’محترم جناب مولانا مفتی محمد زید صاحب استاد جامعہ عربیہ ہتورا باندہ یوپی ’’انڈیا‘‘ کانام سرفہرست ہے، انہوں نے بڑی عرق ریزی اور جامع اور وسیع مطالعہ کے بعد اہم علمی اور دینی موضوعات پر حضرت کے علوم کو حسن ترتیب کے ساتھ مرتب کرنے کی قابل قدر خدمت انجام دی ہے۔ جزاہم اﷲ تعالی خیراً ابوحماد