فقہ حنفی کے اصول و ضوابط مع احکام السنۃ و البدعۃ ۔ اضافہ شدہ جدید ایڈیشن |
|
معصیت کے ذریعہ معصیت کو دفع کرنا جائز نہیں ترک معصیت کے لئے معصیت کا اختیار کرنا ہرگز جائز نہیں بلکہ ابتداء ہی سے اس معصیت کے تقاضے کا مقابلہ کرنا چاہئے مثلاً نظر بد کا علاج یہ نہیں ہے کہ ایک مرتبہ پیٹ بھر کے دیکھ لیا جائے بلکہ علاج غض بصر ہے گو سخت مشقت ہو۔۱؎ ایک صاحبِ علم کی بابت فرمایا کہ وہ جونپور میں ہرماہ میں اور بالخصوص محرم میں دسویں کیا کرتے تھے، اور اس کی حکمت یہ بتلاتے تھے کہ میں اس لئے کرتا ہوں تاکہ لوگ شیعوں کی مجلس میں نہ جائیں ۔ ایک غیر مقلد مولوی صاحب نے خوب جواب دیا کہ اگر ایسا ہی ہے، تو ہندوؤں کی ہولی اور دیوالی بھی اسی نیت سے کرنی چاہئے تا کہ لوگ ان کے مجمعوں میں نہ جائیں کیونکہ نفس معصیت میں دونوں برابر ہیں ۔ ۲؎طاعت کو طاعت کا ذریعہ بنانا جائز ہے سوال:میں نے عرض کیا کہ سنتوں میں قرآن شریف کو مسلسل پڑھا کرے بغرض حفظِ قرآن کے (آیا یہ) جائز ہے یا نہیں ؟وجہ شبہ یہ تھی کہ اس صورت میں سنتیں من وجہ مقصود بالغیر ہوگئیں اور مقصود بالذات حفظ قرآن رہا اور سنتیں اس کا ذریعہ۔ جواب:فرمایا کہ جائز ہے کیونکہ حفظ قرآن بھی طاعت ہے اور طاعت کو طاعت کا ذریعہ بنانے میں کچھ مضائقہ نہیں ۔۳؎ ------------------------------ ۱؎ انفاس عیسی ص ۱۷۶ج ۱ ۲؎ حسن العزیز: ۲؍۲۲۹ ۳؎ ملفوظات دعوات عبدیت