فقہ حنفی کے اصول و ضوابط مع احکام السنۃ و البدعۃ ۔ اضافہ شدہ جدید ایڈیشن |
|
فصل ۷ تکلیف کا بیان عقل کا ہر درجہ تکلیف کے لئے کافی نہیں میری رائے تو یہ ہے کہ حیوانات میں روح کے علاوہ عقل بھی ہوتی ہے کیونکہ بعض حیوانات کے افعال اسی پر مجبور کرتے ہیں کہ ان کو ذی عقل مانا جائے لیکن اس سے ان کا مکلف ہونا لازم نہیں آتا کیونکہ عقل کا ہردرجہ تکلیف کے لئے کافی نہیں ۔ دیکھئے صبی مراہق میں بھی عقل کا ایک درجہ موجود ہے مگر مراہق مکلف نہیں تواگر ایسا ہی درجہ حیوانات میں تسلیم کرلیا جائے تو اس پر کوئی اشکال وارد نہیں ہوتا،…… اور یہیں سے سمجھ لیا جائے کہ بعض مجذوبین کے متعلق جن میں بظاہر کچھ عقل بھی معلوم ہوتی ہے شبہ نہ کیا جائے کہ عقل کے ساتھ ان سے افعال واقوال غیر مشروعہ کا صدور کیونکر ہوتا ہے، تم ان کو کافر نہ کہو، کیونکہ ممکن ہے وہ صبی کے مثل ہوں کہ باوجود کسی قدر عاقل ہونے کے مکلف نہ ہوں بلکہ حیوانات سے تجاوز کرکے ممکن ہے کہ نباتات میں بھی ایک درجہ موجود ہو۔ آپ کو حیرت ہوگی کہ آج کل بعضے اس کے قائل ہوئے ہیں کہ نباتات میں روح ہے اور قدماء فلاسفہ میں بھی بعض اسی کے قائل ہوئے ہیں سوہم کو اس کے انکار کی ضرورت نہیں ، بلکہ ممکن ہے کہ جمادات میں بھی عقل وروح موجود ہو، اور ان کی عقل نباتات سے بھی کم ہو اسی لئے جمادات کا نطق ممکن ہے اور جن احادیث میں حجر وشجر کی شہادت کا ذکر ہے وہ اس کی مؤید ہے۔۱؎ ------------------------------ ۱؎ مجالس حکیم الامت ص ۳۲۱