فقہ حنفی کے اصول و ضوابط مع احکام السنۃ و البدعۃ ۔ اضافہ شدہ جدید ایڈیشن |
|
عوام کی رعایت کی ایک مثال (۴) ایک استفتاء آیا ہے کہ امام صاحب اِیَّاکَ نَسْتَعِیْن پر وقف نہیں کرتے بلکہ اس کے نون کو اِہْدِنَا سے ملاکر پڑھتے ہیں نوبت یہاں تک پہنچی کہ فوجداری ہوگئی میں نے لکھا کہ اس طرح پڑھنا جائز تو ہے مگر جب کہ سب سمجھ دار ہوں ورنہ ایسے امام کو معزول کردو جو فتنہ برپا کرے اور موقع محل نہ سمجھے۔۱؎عموم بلوی وضرورت پر متفرع چند جزئیات (۱) سوال: جس جانور کا بچہ مرجائے اس کا دودھ نکالنے کے لئے مصنوعی بچہ بناکر رکھنا جائز ہے یا نہیں ؟ کیونکہ بغیر بچہ کو دیکھے ہوئے وہ جانور دودھ نہیں اتارتا۔ جواب: جائز ہے۔ (۲) ایک عالم نے فتوی دیا کہ پڑیا کا رنگ جو یورپ سے آتا ہے وہ باوجود اختلاط نجاست اسپریٹ وغیرہ کے عموم بلوی کی وجہ سے پاک ہے، اس سے احتیاط بھی مشکل ہے، اس فتوی پر عمل درست ہے یا نہیں ؟ جواب: چونکہ ضرورت شدیدہ ہے اس فتوی پر عمل درست ہے مگر اس شخص کو جس کو ضرورت ہو اور وہ میرے نزدیک عورتیں ہیں کیونکہ مرد بآسانی بچ سکتے ہیں اور اس پر عمل کرنے کے جواز کی ایک اور شرط ہے وہ یہ کہ جس شراب سے وہ اسپریٹ حاصل ہے وہ انگور اور کھجور اور کشمش کی نہ ہو۔۲؎ (کیونکہ ان کی حرمت منصوص ہے اس لئے اس میں ضرورت وعموم بلوی کی رعایت نہ کی جائے گی، واللہ اعلم)۔ اور میں عموم بلوی کی وجہ سے صحت صلوۃ کا حکم دیا کرتا ہوں مگرخلاف احتیاط سمجھتا ہوں ۔۳؎ ------------------------------ ۱؎ کلمۃ الحق ص۱۶۸ ۳؎ امداد الفتاوی ۴؍ ۹۴ ۴؎ دعوات عبدیت ۱۹ ؍۱۵۱