فقہ حنفی کے اصول و ضوابط مع احکام السنۃ و البدعۃ ۔ اضافہ شدہ جدید ایڈیشن |
|
تقریظ حضرت مولانا برہان الدین صاحب سنبھلی استاذ حدیث وفقہ وناظم مجلس تحقیقات شرعیہ ندوۃ العلماء لکھنؤ الحمدللّٰہ رب العالمین والصلوٰۃ والسلام علیٰ رسولہ الامین محمد واٰلہ وصحبہ اجمعین ومن تبعہم باحسان الیٰ یوم الدین۔ غیر مسلموں میں اصل دین مبین کی تبلیغ ، اور مسلمانوں میں احکام شرعیہ، عقائد صحیحہ اور اخلاق حسنہ کی اشاعت دینی فرائض میں شامل ہے ۔ظاہر ہے کہ ہر فریضہ کی طرح، اس فریضہ تبلیغ دین واشاعت ِاحکام شرعیہ وغیرہ … کے لئے بھی کچھ شرائط ، ارکان، آداب اور ترجیحات ہیں جن کے جانے اور ان کو اپنائے بغیر… ہر فریضہ کی طرح… اس فریضہ کی ادائیگی بھی ممکن نہیں ۔ بصورت دیگر’’نیکی برباد گناہ لازم ‘‘کا مصداق بننے کا خطرہ ہے ۔ اسی بناء پر ، علماء اعلام اور مفتیان اسلام نے دیگر ابواب کی طرح… اس باب کے لئے تفصیلی احکام وآداب بیان کرنے میں کوتاہی نہیں کی۔ چنانچہ عصر حاضر… یا ماضی قریب کے سب سے بڑے صاحب تصنیف محقق عالم ، جو بیک وقت مصلح بھی تھے ، مرشد بھی، مفسر بھی تھے، فقیہ بھی مفتی بھی تھے، دانا حکیم بھی، جنہیں بجا بطور پر جماعت حقہ کے علماء وخواص کی بڑی تعداد نے اس صدی کا مجدد قرار دیا ہے۔ یعنی حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانوی قدس سرہٗ واعلی اللہ مراتبہ کے دیگر شعبہائے دین کی طرح اس شعبہ کے لئے بھی … ان کی مختلف تصنیفات ، ملفوظات ، اورمواعظ میں … تفصیل اور جامع ارشادات ملتے ہیں ۔جو سراسر کتاب وسنت اقوال سلف اور مرشدین ومصلحین کے طرز عمل سے باخوذ ہیں ۔لیکن ان میں سے بہت سے ، سمندر کی تہہ میں موتیوں کی طرح مستور اور مختلف الانواع پھلوں اور پھولوں کے باغ میں کھلنے والے پھولوں اور پھلنے والے ثمر کی طرح مبثوث (بکھرے ہوئے )تھے ۔ضرورت تھی کہ ان موتیوں کو جمع