فقہ حنفی کے اصول و ضوابط مع احکام السنۃ و البدعۃ ۔ اضافہ شدہ جدید ایڈیشن |
|
سوال(۱۴۸) انگریز ی دوا سے ایک ٹکلی تیارکی جاتی ہے، اس کو ماچس سے جب جلایاجاتا ہے توجل جل کر مثل زرد سانپ کے نکلنا شروع ہوتا ہے ا ور دیکھنے میں وہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ بل سے سانپ نکلتا آرہا ہے ،حالانکہ وہ جلی ہوئی راکھ ہوتی ہے ایسی ٹکلیاں بنا کرفروخت کرنا کیسا ہے؟ الجواب: کیا ٹکلی بجزسانپ بنانے کے اور کسی کام میں آسکتی ہے ؟ اگر ایسا ہے تو اس کا فروخت کرنا جائز ہے؟ آگے تصویر بنانے کے کام میں لانا فاعل مختار کا فعل ہے ،سبب کی طرف اس کی نسبت نہ ہوگی ،اگر چہ خلاف تقویٰ اس صورت میں بھی ہے ،اور اگر صرف اسی کام میں آتی ہے تو اعانت علی المعصیۃ کی وجہ سے فروخت کرنا حرام ہے ،اور وہ معصیت سانپ کی تصویر بنانا ہے ،اور تصویر کا سامان کرنا بحکم تصویر ہی ہے ،جیسا فوٹوسے تصویر بنانے کا حکم ہے تصویر خود اتر آتی ہے مگر سامان مہیاکرتا ہے فوٹو گرافر۔۱؎ (خلاصہ کلام یہ کہ ) جو شئے سبب قریب ہو معصیت کا وہ معصیت ہے اور سبب قریب اس لیے کہا کہ یوں تو ہر امر بتَسَبُّب بعید مفضی الی المعصیت ہوجاتا ہے۔ مثلاً کسی نے نکاح کیا اور اس کے لڑکا پیدا ہوا، اور وہ لڑکا مرتد ہوگیا تو دیکھو یہ نکاح سبب بعید اس کے ارتداد کا ہے لیکن اس سببیَّت کی وجہ سے نکاح کو حرام نہ کہا جاوے گا، شریعت میں بہت وسعت اوررحمت ہے، پس غالب حالات میں جوشئے بلاواسطہ سبب معصیت ہو وہ معصیت ہے ۔۲؎ ------------------------------ ۱؎ امدادالفتاویٰ ص۱۱۷ج سوم ۲؎ وعظ الصالحون ملحقہ اصلاح اعمال ص۲۹۷