آداب افتاء و استفتاء مع علمی و فقہی مکاتبت و مکالمت |
فادات ۔ |
|
مکاتبت نمبر(۲) شارح حدیث حضرت مولانا خلیل احمد صاحب سہارنپوریؒ اور حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی صاحب تھانویؒ کی مکاتبت مسائلۃ اہل الخلۃفی مسئلۃ الظلۃ(یعنی حکم سائبان درمسجد) (سوال ۷۷۰)بعد الحمد والصلوۃ، اس احقر نے مسجد پیر محمد والی کی چارسہ دریوں کے سامنے ٹین کا سائبان ڈلوایا تھا ان میں ایک سہ دری جنوبی شمال رویہ مسجد کے متصل ہے اس کے سائبان کے متعلق بعض حضرات اکابر سے بطور تحقیق کچھ خط و کتابت ہوئی اس کو اس غرض سے نقل کرتا ہوں کہ اہل علم سے اس باب میں مزید تحقیق کر لی جائے اور میرے قول و فعل کو حجت نہ سمجھا جائے، میں نے اپنی فہم کے مطابق کہا ہے اور کیا ہے۔ وسمیتہا بما سمیتہا اشارۃ إلی الاسم السمی نواث الکابر نخبۃ الأکابر۔ (اشرف علی)حضرت مولانا خلیل احمد صاحب کا مکتوب گرامی مکرم ومحترم سندی ادام اللہ تعالیٰ فیوضکم، السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ آپ کی سہ دری کے سائبان کے متعلق مجھ کو خلجان ہے میں اس کو ناجائز سمجھ رہا ہوں اور آپ جائز، مولوی … کی تقریر کچھ فہم میں نہیں آئی، اس لیے مکلِّف خدمت ہوں کہ مفصل کیفیت اس کی تحریر فرمائیں ، کہ جنوبی سہ دری داخل مسجد ہے یا خارج؟ اور مسجد کے ساتھ اس کی تعمیر ہے یا بعد میں تعمیر کی گئی ؟یا اس کا کوئی حصہ داخل مسجد ہے، بعد تفصیلی علم کے اگر خلجان رہا تو عرض کروں گا۔ والسلام۔ ۳۰؍شوال ۱۳۳۱ھ