آداب افتاء و استفتاء مع علمی و فقہی مکاتبت و مکالمت |
فادات ۔ |
|
دعائیہ کلمات عارف باللہ حضرت مولانا سید صدیق احمد صاحب باندوی رحمۃ اللہ علیہ بانی جامعہ عربیہ ہتورا باندہ (یوپی) نحمدہ ونصلی علی رسولہ الکریم حکیم الامت حضرت مولانا ومقتدانا الشاہ اشرف علی تھانوی رحمۃ اللہ علیہ کے بارے میں بزمانۂ طالب علمی اکابر امت نے اس کا اندازہ لگالیا تھا کہ آگے چل کر مسندارشاد پر متمکن ہوکر مرجع خلائق ہوں گے اور ہرعام وخاص ان کے فیوض وبرکات سے متمتع ہوں گے ۔ چنانچہ حضرت اقدس کے کارہائے نمایاں نے اساطین امت کے اس خیال کی تصدیق کی ، کہنے والے نے سچ کہاہے۔ ’’قلندر ہرچہ گوید دیدہ گوید‘‘ خداوند قدوس نے حضرت والا کو تجدید اور احیاء سنت کے جس اعلی مقام پر فائز فرمایا تھا اس کی اس دور میں نظیر نہیں ۔ آج بھی مخلوق حضرت کی تصنیفات وارشادات عالیہ اور مواعظ حسنہ سے فیضیاب ہورہی ہے ، حضرت کے علوم ومعارف کے سلسلہ میں مختلف عنوان سے ہندو پاک میں کام ہورہاہے ، لیکن بجاطور پر کہا جاسکتاہے کہ اللہ پاک نے محض اپنے فضل سے عزیزی مولوی مفتی محمد زید سلمہ مدرس جامعہ عربیہ ہتورا کو جس نرالے انداز سے کام کی توفیق عطافرمائی اس جامعیت کے ساتھ ابھی تک کام نہیں ہواتھا اس سلسلہ کی تین درجن سے زائد ان کی تصانیف ہیں ۔ بارگاہ ایزدی میں دعاہے کہ اس کو قبولیت تامہ عطا فرمائے اور مزید توفیق نصیب فرمائے ۔ احقر صدیق احمد غفرلہ خادم جامعہ عربیہ ہتورا باندہ (یوپی )