ملفوظات حکیم الامت جلد 29 - یونیکوڈ |
|
ہیچ ہے اس کی نظر میں باغ عالم کی بہار بس گئی جسکے دل میں نزہت تھانہ بھون کیا کریں ہنگامہ عالم کے جلوؤں پر نظر وہ جو ہیں آسود گان خلوت تھانہ بھون آروزو یہ ہے کہ ساری عمر رہنا ہو وہیں اب گوارا ہی نہیں فرقت تھانہ بھون ان کی عقیدت و محبت کی حالت کسی سے یہاں نہیں خود حضرت اقدس مدظلہم العالیٰ فرماتے ہیں کہ اعمال میں کچھ کمی ہے مگر محبت و عقیدت میں کمی نہیں اور ان کے یہاں کی مستورات تو اپنے وقت کی رابعہ بصر یہ ہیں - بالخصوص ان کی الیہ تو سراپا خلوص و طاعت ہیں - ان کے حالات تو دیکھنے سے معلوم ہوتے ہیں میں نے اپنے گھر کے ذریعے سے جس قدر حالات سنے ہیں وہ اس دور میں اپ اپنی مثال ہیں - باوجود تنعم کے مزاج میں جس قدر انکسار عجز و برد باری ہے وہ اس زمانے میں مشکل ہے - محبت و عقیدت میں فنا ہیں - نواب صاحب کی والدہ نے مکہ معظمہ میں حضرت حاجی صاحب رحمتہ اللہ علیہ سے شرف بیعت حاصل کیا تھا - یہ سب برکتیں اور یہ سب اثر اس گرامی تو سل کا ہے جو مکہ معظمہ سے حاصل ہو کر باغپت میں آیا تھا اور خدانے چاہا تو یہ سلسلہ ہمیشہ روز افزوں ترقی کے ساتھ قائم رہے گا - نواب صاحب موصوف نے اس مرتبہ تھانہ بھون کے قیام کے زمانہ میں ایک بار مجلس خاص اور ایک بار مجلس عام میں کچھ استفسارات کئے اور اپنی تشفی و تسکین کرنا چاہی حضرت والا نے جس پیرایہ میں ان کے جوابات عطا فرمائے ہیں ان کا لطف سننے سے متعلق تھا - بیان یا تحریر میں نہیں آسکتا - اس وقت ایک عجیب عالم تھا اور ایک عجیب کیفیت - یہ بیانات ایسے تھے جن سے عوام وخواص دونوں فائدہ اٹھاسکتے ہیں - اس لئے وہ کسی نہ کسی طرح ضبط تحریر میں لائے گئے اور بعد ملا حظہ نظر فیض اثر حضرت اقدس مدظہلم العالیٰ بغرض استفادہ عام ذیل میں درج کئے جاتے ہیں اس مجموعہ کا نام بھی حضرت والا نے اپنی غایت شفقت سے جناب نواب صاحب ممدوح کے نام نامی کی رعایت سے بزم جمشید تجویز فرمایا اس کے بعد اسم تاریخی خمخانہ باطن سے ملقب کیا گیا - نواب صاحب ممدوح کے زبانی استفسارات کے جوابا کے علاوہ چند اور ضروری ملفوظات بطور ضمیمہ شامل مجموعہ ہذا کئے گئے -