ملفوظات حکیم الامت جلد 29 - یونیکوڈ |
میں نے کہا چونکہ میں آپ کا نمک خوار ہوں اس وجہ سے مجھ پر حق ہے کہ آپ کی خیر خواہی کروں لہذا میں ھق ادا کرتا ہوں وہ یہ کہ آپ لوگوں میں دو مرض متجاوز عن الحد ہیں - ایک بدگمانی دوسرے بد زبانی وہ لوگ اس کے مقر ہوئے اور توبہ کی - بعض نے مجھ سے کہا کہ میں نے آپ کی شان میں بہت گستاخیاں کی ہیں - میں آپ سے معافی کا خواستگار رہوں - میں نے کہا اول تو مجھے امید ہے کہ آپ کو اس غیبت سے بھی ثواب ملا ہوگا کیونکہ آپ مجھے گمراہ سمجھ کر فرماتے ہوں گے انہوں نے پھر معافی کی درخواست کی میں نے کہا خیر آپ کا یہ خیال ہے تو معاف ہے بلکہ آئندہ بھی جو کچھ آپ مجھے کہیں معاف ہے کہتے تھے میں بغرض معافی کانپور آونگا میں نے منع کردیا اور کہا معافی کی نیت سے نہ آیئے ویسے آپ کا مکان ہے - رؤیت ہلال کی خبر کا دور دراز ارسال کرنا ( 94 ) 19 رمضان المبارک 1333 ھ فرمایا میں اس کا مخالف ہوں کہ ایک مقام کی خبر رویت ہلال دوسرے مواضع پر اس طرح اشاعت کی جاوے کہ اس میں غلو و مبالغہ ہو اور اس میں غلطاں پیچاں رہیں جس سے اکثر تشویش و مخالفت بڑھ جاتی ہے - نہ معلوم کیا وحشت سوار ہوتی ہے کہیں آدمی دوڑائے ہیں کہیں خطوط جاتے ہیں خصوصا تاروں سے اشاعت کا بہت ہی واہیات خرافات قاعدہ ہے ایک صاحب لطیفہ بیان کرتے تھے کہ پہلے مدار صوم و فطر کا چاند پر تھا اب تاروں پر رہ گیا - غلبہ حال کے اظہار وخفاء کی تفصیل ( 95 ) بتاریخ مذکور - فرمایا اگر کوئی حال غالب ہو اس کے اظہار وا خفاء میں یہ تفصیل ہے کہ اگر اظہار میں گالب اندیشہ ریا ہو تب تو ان کیفیات و دار دات کا خبط کرنا مناسب ہے اور اگر ریاء کا اندیشہ نہ ہو محض اس کا وہم ہی وہم ہو تب وہ لاشی محض ہے - اس کا کوئی اعتبار نہیں اس وقت ان کیفیات کا اظہار کرے ضبط سے نقصان ہوگا اور اگر اس قدر غلبہ ہو کہ ضبط سے مرض یا ہلاک کا اندیشہ ہو تب باوجود تیقن ریاء ونمود و سمعہ و شہرت بھی اظہار ضروری ہے کیونکہ ایسی صورت میں ضبط کرنے میں امراض واسقام پیدا ہو کر ہلاک کرتے ہیں لہذا واجب ہے کہ ضبط نہ کرے اور حتی الا مکان ریاء کو دفع کرے -