خزائن القرآن |
|
نزولِ قرآن کے وقت جو گناہ تھے اور آج نئے نئے گناہ کے جو طریقے ایجاد ہو رہے ہیں سب اس میں شامل ہیں لیکن ان سے کیسے بچیں گے؟ اِلَّا مَا رَحِمَ رَبِّیْ؎ یہ مَا کیا ہے؟ یہ مصدریہ، ظرفیہ، زمانیہ ہے۔ تین نام ہیں اس کے۔ اس لیے مفسرِ اعظم علامہ آلوسی رحمۃ اللہ علیہ نے اس آیت کے ترجمہ میں بھی اس کی رعایت کی اَیْ فِیْ وَقْتِ رَحْمَۃِ رَبِّیْ یعنی جب ہمارے رب کی رحمت کا سایہ ہوگا تب ہی ہم اس ظالم نفس سے بچ سکتے ہیں،فی سے ظرفیہ بنایا، وقت سے زمانیہ بنایا اور رحمۃ سے مصدر بنایا۔ لہٰذا یہ مَا ظرفیہ، زمانیہ اور مصدریہ بن گیا۔ جب تک اللہ کی رحمت کا سایہ ہو یہ نفس ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتا اور اللہ کی رحمت کا سایہ کب ملتا ہے؟ یَا حَیُّ یَا قَیُّوْمُ بِرَحْمَتِکَ اَسْتَغِیْثُ اَصْلِحْ لِیْ شَأْنِیْ کُلَّہٗ وَلَا تَکِلْنِیْۤ اِلٰی نَفْسِیْ طَرْفَۃَ عَیْنٍ؎کی دعا سے ملتا ہے جس کا ترجمہ ہے کہ اے زندہ حقیقی، اے سنبھالنے والے! میں آپ کی رحمت سے فریاد کرتا ہوں کہ میری ہر حالت کو درست فرما دیجیے اور پلک جھپکنے بھر بھی مجھے میرے نفس کے حوالے نہ کیجیے اور پھر اہل اللہ کی صحبت ہو کیوں کہ صحبتِ اہل اللہ میں خاصیت ہے کہ لَا یَشْقٰی جَلِیْسُھُمْ ان کے پاس بیٹھنے والا شقی یعنی بدبخت نہیں رہ سکتا اور جب شقاوت نہیں ہوگی تو رحمت مل جائے گی، شقاوت کے ساتھ لعنت لازم ہے۔ علامہ راغب اصفہانی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا کہ لعنت کے معنی ہیں خدا کی رحمت سے دوری اور برکت کے معنی کوئی پوچھے تو بتا دینا کہ برکت کے معنی ہیں فیضانِ رحمتِ ا لہٰیہ۔اسمائے اعظم عَزِیْزٌاورحَکِیْمٌ کا تزکیۂ نفس سے ربط عَزِیْز کے معنیٰ کیا ہیں؟ اَلْقَادِرُ عَلٰی کُلِّ شَیْءٍ وَّلَا یُعْجِزُہٗ شَیْءٌ فِی اسْتِعْمَالِ قُدْرَتِہٖ یعنی جو ہر شئی پر قادر ہو اور جس کے استعمالِ قدرت میں کوئی رکاوٹ نہ ڈال سکے مثلاً سارا عالم مل کر کہے کہ میں اس کو ولی اللہ نہیں ہونے دوں گا مگر اللہ تعالیٰ ارادہ فرما لیں کہ مجھے اپنے اس بندہ کا تزکیہ کرنا ہے، اس کو ولی اللہ بنانا ہے تو اللہ کے ارادہ پر مراد کا تخلّف محال ہے او رمراد حاصل ہونا لازم ہے۔ لہٰذا حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اس دعا کے فوراً بعد اِنَّکَ اَنۡتَ الۡعَزِیۡزُ الۡحَکِیۡمُ فرما کر بندوں کے ضعف کا اعتراف کیا کہ اے اللہ! نفس کا تزکیہ تو مشکل ہے لیکن آپ ایسے قادرِ مطلق ہیں کہ آپ کے استعمالِ قدرت میں کوئی رکاوٹ نہیں۔ آپ ------------------------------