خزائن القرآن |
|
دروازۂ صدیقیت قیامت تک کھلا رہے گا اللہ تعالیٰ نے اولیائے صدیقین کا سب سے اونچا مقام حضرت ابو بکر صدیق رضی اﷲ تعالیٰ عنہ کو دیا ہے اور میرے شیخ فرماتے تھے کہ حضرت ابو بکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ پر صدیقیت ختم نہیں ہے، صدیقیت کا دروازہ قیامت تک کے لیے کھلا رہے گا۔ دلیل سن لو۔ میں تصوف ان شاء اللہ! بلا دلیل پیش نہیں کروں گا: فَاُولٰٓئِکَ مَعَ الَّذِیۡنَ اَنۡعَمَ اللہُ عَلَیۡہِمۡ مِّنَ النَّبِیّٖنَ وَ الصِّدِّیۡقِیۡنَ وَ الشُّہَدَآءِ وَالصّٰلِحِیۡنَ ۚ وَحَسُنَ اُولٰٓئِکَ رَفِیۡقًا صدیقین جمع ہے یا مفرد؟ جمع کا لفظ ہے۔ معلوم ہوا کہ حضرت ابو بکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ پر صدیقیت ختم نہیں ہے اور اللہ تعالیٰ نے نبی صلی اللہ عیہ وسلم کے لیے تو فرمایا خاتم النبیّین لیکن صدیقِ اکبر کو خاتم الصدیقین نہیں فرمایا کہ صدیقِ اکبر پر صدیقیت ختم ہے، اور حدیث میں ہے کہ لَا نَبِیَّ بَعْدِیْ میرے بعد کوئی نبی نہیں ہے مگر کس حدیث میں ہے کہ میرے صدیقِ اکبر کے بعد کوئی صدیق نہیں ہے ، لہٰذاقیامت تک صدیقین پیدا ہوتے رہیں گے لیکن حضرت ابو بکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ جیسا صدیق اب کوئی نہیں ہو سکتا کیوں کہ آپ کی صدیقیت معیتِ سیدُ الانبیاءنبی صلی اللہ علیہ وسلم سے مشرف ہے اور قیامت تک آنے والا کوئی بڑے سے بڑا ولی بھی کسی ادنیٰ صحابی کے برابر نہیں ہو سکتا اور حضرت صدیق اکبر تو صحابہ میں بھی سب سے افضل ہیں اور اَفْضَلُ الْبَشَرِ بَعْدَ الْاَنْۢبِیَآءِ ہیں لیکن اولیائے صدیقین قیامت تک پیدا ہوتے رہیں گے لہٰذا صدیقیت کے اس اعلیٰ مقام پر جانے کی تمنا ہے کہ نہیں؟ یہ بتاؤ کیا مرنے کے بعد دوبارہ کسی کو آنا ہے، جو محنت کرنی ہے ابھی کر لو، مرنے کے بعد دوبارہ حیات نہیں ملے گی، پچھتاؤ گے۔ لہٰذا اولیائے صدیقین کی آخری سرحد تک پہنچنے کے لیے اخترؔ آج آپ کو تدبیر پیش کرتا ہے، اللہ تعالیٰ مجھ کو بھی اپنی تقریر پر توفیقِ عمل دے اور آپ کو بھی توفیقِ عمل دے کیوں کہ مقرر بھی اپنی تقریر پر عمل کرنے کے لیے توفیقِ خدا تعالیٰ کا محتاج ہے۔صدیق کی پہلی تعریف اَلَّذِیْ لَا یُخَالِفُ قَالُہٗ حَالَہٗ صدیق اس ولی اللہ کو کہتے ہیں جس کا قال اور حال ایک ہو، جس کی زبان اس کے حال کے خلاف نہ جائے جیسا قول ہو ویسا عمل ہو، بعض وقت حال آدمی زیادہ دِکھاتا ہے اور نعرہ بھی مارتا ہے مگر مولانا محمد احمد صاحب رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ جو سنّت کا متبع نہیں ہے اس کا حال بھی قبول نہیں ہے۔