خزائن القرآن |
|
نورِ ہدایت کی دوسری علامت لیکن اس علامت میں حدیث کے ظاہری الفاظ سے غلط معانی نکال کر ہندو جوگی اور راہب بھی شامل ہو سکتے تھے جو دریا کے کنارے دنیا سے بظاہر کنارہ کش ہو جاتے ہیں لیکن کلامِ نبوت کی بلاغت کا اعجاز ہے کہ دوسری علامت نے جو گیوں اور راہبوں کو اس زُمرہ سے نکال دیا۔ وہ کیا ہے؟ آخرت کی طرف ہر وقت توجہ وَالْاِنَابَۃُ اِلٰی دَارِ الْخُلُوْدِ سرورِ عالم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ دوسری علامت یہ ہے کہ جنّت اور آخرت کی طرف ان کے دل میں ہر وقت خیال رہتا ہے کہ ہمیں اپنے رب کی طرف واپس جانا ہے۔ دیکھیے میںیہاں کراچی سے آیا ہوں۔ لندن میرے لیے پردیس ہے یا نہیں؟ تو آپ بتائیے کہ کیا میں کراچی کو بھول جاؤں گا؟ ایسے ہی جو اصلی عقل مند لوگ ہیں وہ دنیا سے آخرت کی طرف جانے کا ہر وقت خیال رکھتے ہیں کہ ایک دن دنیا سے جانا ہے، اپنے وطن جانا ہے، اپنے مولیٰ سے ملنا ہے۔ اس لیے جلدی جلدی وہ آخرت کو کرنسی ٹرانسفر کرتے رہتے ہیں کیوں کہ دیکھتے ہیں کہ ایک دن سب چھوٹ جائے گا اور یہیں رہ جائے گا لہٰذا کوئی مسجد بنوا دی، کوئی مدرسہ بنوا دیا۔ لہٰذا عقل مند مال دار لوگ جو اللہ والوں کی صحبت میں رہتے ہیں اسی طرح جلدی جلدی اپنی رقم ٹرانسفر کرتے رہتے ہیں کہ کسی مسجد میں لگا دیا، کسی مدرسہ میں رقم لگا دی یا زمین خرید کر کسی اللہ والے عالم کو دے دی کہ آپ یہاں کوئی بڑا مدرسہ یا جامعہ یا دارالعلوم بنائیے۔ یہ سب سے بڑا کارِ خیر ہے کیوں کہ وہ سمجھتا ہے کہ زمین قیامت تک باقی رہے گی۔ یہ زمین کا صدقۂ جاریہ قیامت تک رہے گا۔ آخرت میں کرنسی ٹرانسفر کرنے کے یہ سب طریقے ہیں۔نورِ ہدایت کی تیسری علامت اور تیسری علامت کیا ہے؟ وَ الْاِسْتِعْدَادُ لِلْمَوْتِ قَبْلَ نُزُوْلِہٖ؎ اور موت آنے سے پہلے وہ تیار رہتا ہے، موت کی تیاری میں مصروف رہتا ہے کہ میری کتنی نمازیں قضا ہیں، جلدی سے ادا کرلو، کتنے روزے باقی ہیں، کتنی زکوٰۃ باقی ہے سب کی ادائیگی کی فکر کرتا ہے۔ اللہ تعالیٰ جو جو باتیں پوچھیں گے موت آنے سے پہلے اپنے اعمال کی فائل درست رکھتا ہے۔ بس دل میں نورِ ہدایت آنے کی یہ تین علامات ہیں۔ ------------------------------