خزائن القرآن |
|
پیش لفظ محبّیو محبوبی شیخ العرب و العجم عارف باﷲ حضرتِ اقدس مولانا شاہ حکیم محمد اختر صاحب ادام اللہُ بقاءَھُمْ سےتعلق رکھنے والے اکثر اکابر علماء کا عرصہ سے اصرار تھا کہ حضرت والا نے اپنی تقاریر و تصانیف میں جہاں جہاں قرآن و حدیث کی تفسیر و تشریح کی ہے اور جہاں جہاں الہامی مضامین از قبیل وارداتِ غیبیہ بیان ہوئے ہیں وہ اپنی مثال آپ ہیں، ان کو حضرت کی تصانیف سے منتخب کرکے الگ شایع کردیا جائے تو یہ سینوں میں محبت کی آگ لگانے والا ایک بے مثال علمی خزانہ ہوگا۔ حضرت مولانا یونس پٹیل صاحب نے ساؤتھ افریقہ میں کئی مواقع پر فرمایا کہ کاش !حضرت والا کے ان علوم کا مجموعہ الگ شایع ہوجائے تو قیامت تک اُمتِ مسلمہ کی ہدایت و اصلاح اور اﷲ تعالیٰ کی اشد محبت کے حصول کا بے مثل ذخیرہ ہوگا اور یہ الہامی علوم ایسے ہیں جو کتابوں میں نہیں ملتے۔ اس سلسلے میں کئی علماء حضرات نے کوششیں بھی کیں لیکن تکمیل کو نہ پہنچ سکیں لیکن یہ سعادت لاہور کے جناب عامر نذیر صاحب زید مجدہم کی قسمت میں تھی جنہوں نے بڑی محنت و جاں فشانی سے اس کام کو انجام دیا اور حضرت والا کی جملہ تصنیفات سے قرآن و حدیث کے علوم جمع کیے اور کمپیوٹر سے ٹائپ کراکے لاہور سے کراچی بھیجے جو’’خزائن القرآن‘‘اور’’خزائن الحدیث‘‘کے نام سے تاحال شایع ہوتے رہے۔لیکن ان کی تصحیح اور حوالہ جات کی تکمیل کی شدت سے ضرورت محسوس کی گئی۔ چناں چہ بعون اللہ تعالیٰ و فضلہِ زیر نظر جدید اشاعت میں نہایت عرق ریزی کے ساتھ اس ضرورت کو پورا کیا گیا ہے۔ تاہم پھر بھی اگر قارئین کو کسی بھی قسم کی غلطی یا کمی کا احساس ہو تو ادارے کو مطلع فرما کر عنداللہ ماجور ہوں۔ دعا ہے کہ اﷲ تعالیٰ اس کارِ خیر کے جملہ شرکاء کو اجرِ جزیل اور فلاحِ دارین عطا فرمائیں، آمین۔ العارض احقر سید عشرت جمیل میرؔ عفا اﷲ تعالیٰ عنہ خادمِ خاص حضرت والا دامت برکاتہم