خزائن القرآن |
|
تمام کائنات کے حسن سے زیادہ حسین کیا چیز ہے؟ وَ مَنۡ اَحۡسَنُ قَوۡلًا مِّمَّنۡ دَعَاۤ اِلَی اللہِ وَ عَمِلَ صَالِحًا ؎ کائنات کے تمام حسینوں سے زیادہ حسین اللہ تعالیٰ کی طرف، خالقِ لیلائے کائنات کی طرف بلانا ہے کیوں کہ وہ مولائے کائنات ہی تو خالقِ نمکیاتِ لیلائے کائنات ہے۔ تمام کائنات کے حسینوں کا حسن اس کی ادنیٰ سی بھیک ہے جس پر لوگ پاگل ہو رہے ہیں لیکن چند دن کے بعد جب وہ نمک جھڑ گیا اور حسین قبروں میں لیٹ گئے تو پھر پچھتاتے ہیں کہ آہ! ہم کہاں عکس پر فدا ہوئے اور ایامِ زندگی ضایع کیے۔ اس لیے سارے حسینوں سے حسین وہ الفاظ ہیں جو اللہ تعالیٰ کی طرف بلانے میں استعمال ہوں اور اس کی دلیل آج پہلی بار ابھی ابھی عطا ہوئی جس کی طرف کبھی زندگی میں ذہن نہیں گیا تھا۔ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ اس شخص کے قول سے زیادہ حسین کوئی چیز کائنات میں نہیں ہے جو اللہ کی طرف بلارہا ہے۔ ساری دنیا کے حسین ایک طرف لیکن میری طرف، میری محبت کی طرف بندوں کو بلانا اور میری محبت کو سارے عالم میں نشر کرنا یہ سارے حسینوں سے احسن ہے کیوں کہ مولیٰ سے بڑھ کر کوئی احسن نہیں اور ان کی محبت کی باتیں سنانے سے بہتر کسی کا کوئی قول نہیں۔ اے حسینوں کے چکر میں رہنے والو! اگر تم کو حسن پرستی ہی کا ذوق ہے تو ہم تمہیں سارے حسینوں سے احسن چیزپیش کررہے ہیں کہ جہاں کہیں ہماری محبت کی بات نشر کی جا رہی ہو اس کو سنو یا تمہیں اللہ تعالیٰ یہ مقام عطا فرما دے اور اتنا دردِ عظیم تمہارے قلب میں پیدا ہو کہ تم دعوت الی اللہ کا کام شروع کر دو تو مولائے کائنات کی خوشبو پا کر تم ساری لیلائے کائنات سے بے نیاز ہو جاؤ گے۔ احسن اسمِ تفضیل ہے، حسین سے افضل ہے لہٰذا جب کبھی نفس میں حسینوں کی جستجو پیدا ہو تو احسن کام میں لگ جایا کرو۔ جب احسن سامنے ہوگا تو حسین کی طرف توجہ نہ ہوگی۔ ------------------------------