خزائن القرآن |
|
سید محمود بغدادی رحمۃ اللہ علیہ تفسیر روح المعانی میں لکھتے ہیں کہ خوف اور خشیت کا عام مفہوم تو ڈر ہی ہے مگر خوف کہتے ہیں اس ڈر کو جس میںعظمت ضروری نہیں ہے، بلا عظمت کے بھی خوف ہوتا ہے جیسے تھانیدار کا ڈر، پولیس کا ڈر کہ عظمت نہیں ہوتی مگر ڈرہے۔ اب ایک اور مثال سنیے جو اس سے زیادہ قریب الفہم اور آسان تر ہے کہ سانپ نکلا تو اس کا ڈرہوتا ہے مگر کیا دل میں اس کی عظمت ہوتی ہے؟ اگر عظمت ہوتی تو جوتے سے پٹائی کیوں کر رہے ہو، ڈنڈے کیوں لگا رہے ہو؟ معلوم ہوا کہ خوف کا استعمال عظمت پر بھی ہوتا ہے اور بغیر عظمت پر بھی ہوتا ہے مگر خشیت کا استعمال صرف وہیں ہو گا جہاں خوف کے ساتھ عظمت لازم ہو۔ اس لیے یہ نہیں کہہ سکتے کہ مجھے سانپ سے خشیت ہے، پولیس والوں سے خشیت ہے، بھیڑیے یا پاگل کتے سے خشیت ہو رہی ہے، عربی لغت کے اعتبار سے یہاں لفظ خوف کا استعمال جائز ہے ، خشیت کا جائز نہیں۔ خشیت کا استعمال خاص ہے جہاں خوف کے ساتھ عظمت شامل ہو تو اللہ تعالیٰ نے کہیں مطلق خوف استعمال فرمایا اور قرآنِ پاک کی تفسیر کا اصول ہے کہ جب ایک جگہ معنیٰ مقید ہوجائیں تو ہر جگہ مقید ہوں گے لہٰذا جہاں جہاں لفظ خوف مطلق آیا ہے وہ خشیت کے معنیٰ سے مقید ہوگا اس لیے خوف کا ترجمہ خشیت ہی ہوگا کیوں کہ اللہ تعالیٰ کے خوف کے ساتھ عظمتِ الٰہیہ ضروری ہے جب کہ مخلوق سے خوف کے لیے عظمت کا ہونا ضروری نہیں یہ فرق ہے خشیت اور خوف کا۔ تو وَاَمَّا مَنْ خَافَ مَقَامَ رَبِّہٖ کا مطلب یہ ہے کہ جو اپنے رب کی عظمت کی وجہ سے اپنے رب کے سامنے کھڑے ہونے سے ڈرے کہ اللہ تعالیٰ کو منہ دکھانا ہے اور ان کو حساب دینا ہے اور اللہ مجھ کو آسمان سے دیکھ رہا ہے کہ میری نظر کہاں جا رہی ہے اور میری نظر پر ان کی نظر جمی ہوئی ہے۔ اللہ تعالیٰ کا خوف ہوا ور خدا کے خوف سے خلوت میں، جلوت میں، تنہائی میں، مجمع میں ہر جگہ ہم اللہ تعالیٰ کو ناراض کرنے سے ڈر رہے ہوں۔ شیطان کہے گا کہ یہاں تو کوئی نہیں ہے تو شیطان سے کہو کہ اللہ تو ہے وَھُوَ مَعَکُمْ وہ ہر وقت میرے ساتھ ہے اور جب وہ ساتھ ہے تو وہ نابینا نہیں ہے جو دوسروں کو آنکھیں عطا فرماتا ہے وہ بھلا خود نابینا ہوگا؟ تو جب وہ ساتھ ہے اور دیکھ رہا ہے تو اللہ کے خوف سے اللہ کی ناپسندیدہ خواہشات کو توڑنا اسی کا نام سلوک ہے، اسی کا نام بندگی ہے، اسی کا نام عشقِ الٰہی ہے، اسی کا نام تصوف ہے، اسی کا نام احسان ہے، اسی کا نام ایمان ہے اور اسی کا نام اسلام ہے۔