خزائن القرآن |
|
شیخ کے ساتھ ہو کر بھی ساتھ نہیں ہے۔ ۲) ذکر اﷲ پر مداومت:شیخ جو ذکر بتائے اس پر مداومت کرو، ہمیشگی کرو، کبھی ناغہ نہ کرو، تھک جاؤ تو تعداد کم کردو مثلاً اگر سو دفعہ ذکر کرتے ہو تو دس مرتبہ کرلو مگر ناغہ نہ کرو اور اپنے نفس کے گریبان میں مُنہ ڈالو اور پوچھو کہ تمہارے کتنے دن رات ایسے گزرے ہیں جس دن تم نے ایک دفعہ بھی اللہ نہیں کہا اور کھانا کھا کر سو گئے حالاں کہ کوئی عذر نہ تھا۔ اگر کسی دن زیادہ تھک گئے اور سو دفعہ پڑھتے تھے تو دس دفعہ پڑھ لو، اور اگر تین سو مرتبہ پڑھتے تھے تو اس دن تیس مرتبہ پڑھ لو تو تمہارا تین سو ادا ہو جائے گا کیوں کہ ایک پر دس کا وعدہ ہے۔ میرے شیخ شاہ عبدالغنی صاحب نے اپنے مرشد حکیم الامت تھانوی رحمۃ اللہ علیہ کو لکھا کہ آپ نے مجھ کو ستر مرتبہ صلوٰۃ تنجینا بتایا ہے اور میں جو نپور کی شاہی مسجد میں سولہ سبق پڑھاتا ہوں اور سب موقوف علیہ سے اوپر کے ہیں یعنی مشکوٰۃ شریف اور جلالین کے اوپر کے۔ تو حکیم الامت نے لکھا کہ اگر آپ علمِ دین کی مشغولی سے ستر دفعہ نہیں پڑھ سکتے تو سات دفعہ پڑھ لیں، قرآنِ پاک میں ایک پر دس کا وعدہ ہے تو سات کو دس سے ضرب کر لو، ستر دفعہ ہو جائے گا، شیخ ایسا حکیم الامت جیسا ہونا چاہیے۔ اگر کسی دن آپ کو سستی ہو اور دل نہیں چاہتا تو کم از کم سو کی جگہ دس مرتبہ پڑھ کر سوجاؤ۔ اگر اتنا بھی نہ کر سکو تو ایسے ظالم مرید کو کہتا ہوں کہ اس دن کھانا مت کھاؤ، بغیر کھائے سو جاؤ۔ کچھ غیرت کرو شیخ کی بات پر، ایک وقت نفس کو فاقہ کراؤ، یہ نفس بغیر سزا کے صحیح نہیں ہوتا، اس کا کورٹ مارشل کرنا پڑتا ہے مگر روح کوچیف ایگزیکٹیو بننا پڑتا ہے، روح کا بھی یہ مقام ہونا چاہیے کہ نفس کو سزا دینے کی طاقت رکھے، روحانیت اتنی قوی ہونی چاہیے۔ ۳)گناہوں سے محافظت: بابِ مفاعلت کیوں استعمال کر رہا ہوں کہ باب مفاعلت میں فعل دونوں طرف سے ہوتا ہے جیسے مقاتلہ میں قتال دونوں طرف سے ہوتا ہے تو محافظت کے معنیٰ یہ ہوئے کہ آپ گناہ سے اپنے کو دور رکھیے اور گناہ کو بھی اپنے سے دور رکھیے، بھاگیے بھی اور بھگائیے بھی تب محافظت ہوگی، بھاگو اور بھگاؤ، معشوقوں کو اپنے سے بھگاؤ اور خود معشوقوں سے بھاگو کیوں کہ بعض معشوق ایسے ہوتے ہیں کہ جس رفتار سے آپ بھاگیں گے وہ اپنی تھوڑی سی اسپیڈ بڑھا کر آپ کو دبوچ لیں گے پھر آپ ایک نئے صوبے دبوچستان پہنچ جائیں گے،جہاں عاشق معشوق کو دبوچ لیتے ہیں، لہٰذا اتنا تیز بھاگو کہ فرار میں معشوق کی اسپیڈ آپ کو نہ پا سکے۔ اپنی جان کی بازی لگا دو، پھر اللہ تعالیٰ کی مدد آجائے گی۔ اللہ اس دبو چیا