خزائن القرآن |
|
غم زدہ دلوں کے لیے اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے تسلی کا زبردست مضمون نازل فرمایا ہے اور اس سے قبل ہی صبر کرنے والوں کو یہ بشارت بھی سنا دی کہ اِنَّ اللہَ مَعَ الصّٰبِرِیۡنَ یعنی ہم صبر کرنے والوں کے ساتھ ہیں۔ پس کسی کے انتقال پر یا مصیبت پر جو اجر و ثواب ہم نے تمہارے لیے رکھا ہے وہ تو ہے ہی لیکن اگر تم سے تمہاری کوئی چیز کھو گئی، تمہاری اولاد، ماں باپ، بیوی یا شوہر کا انتقال ہو گیا تو اس کے بدلے میں ہم تمہیں اپنی معیتِ خاصہ، اپنا قربِ خاص عطا کرتے ہیں اِنَّ اللہَ مَعَ الصّٰبِرِیۡنَ صبر کرنے والوں کے ساتھ اللہ ہے۔ آپ سوچئے کہ جس کے ساتھ اللہ تعالیٰ ہوں اس کی کیا قسمت ہے۔ اور اس کے لیے کتنی بڑی دولت کی بشارت ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک مرتبہ مکہ کے نو مسلم قریش نوجوانوں کو کچھ بکریاں کچھ بھیڑ کچھ اُونٹ زیادہ دے دیے تو شیطا ن نے بعض انصاری نوجوانوں کے دلوں میں یہ وسوسہ ڈالا کہ دیکھو ابھی تک رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم کو مکہ والوں سے زیادہ اُنس ہے اور شاید یہی وجہ ہے کہ مکہ والوں کو دیا اور ہم لوگوں کو نہیں دیا۔اللہ تعالیٰ نے اپنے رسولِ پاک صلی اللہ علیہ وسلم کو شیطان کے اس خطرناک زہریلے مکر سے مطلع فرمایا۔ آپ نے سارے صحابہ کو جمع کر کے فرمایا کہ اے مدینہ کے انصار! تمہیں شیطان نے بہکانے کی کوشش کی ہے۔ ہوشیار ہو جاؤ! یہ نہ سمجھو کہ چند بھیڑ اور بکریاں اہلِ قریش کو دینے کی وجہ سے میری محبت تمہارے ساتھ کم ہے، جو نو مسلم ہیں، ابھی اسلام لائے ہیں، میں نے ان کی دلجوئی اور ان کو خوش کرنے کے لیے یہ چند بھیڑیں اور بکریاں دے دی ہیں لیکن خوب غور سے سن لو! یہ قریشِ مکہ ابھی جب مکہ شریف کو واپس ہوں گے تو میری دی ہوئی چند بھیڑیں ، چند بکریاں اور چند اونٹ لے کر جائیں گے اور اے مدینہ والو! تم جب مدینہ واپس ہو گے تو اللہ کے رسول کو اپنے ساتھ لے کر جاؤ گے۔ میرا مرنا جینا تمہارے ساتھ ہے، رسولِ خدا کی عظمت و قیمت تمہارے قلوب میں کیا ہے۔ بس صحابہ اس خوشی میں اتنا روئے کہ آنسو ان کی داڑھیوں سے بہہ رہے تھے۔؎ تو اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کو بشارت دی کہ اگر تم سے کوئی چیز چھن گئی، تمہارے باپ چھن گئے، بیٹے کا انتقال ہو گیا تو اللہ تعالیٰ تو تمہارے ساتھ ہے، جس پر ہزاروں جانیں قربان ہوں، اولاد قربان ہو، ایسی ذاتِ پاک نے کیسی بشارت دی ہے۔ اور جدائی کا طبعی غم تو ہوتا ہی ہے ظاہر بات ہے کہ ساتھ رہنے سے محبت ہو جاتی ہے جس سے ہم ------------------------------