حیاۃ الصحابہ اردو جلد 2 - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
ان کی قیمت تین درہم سے زیادہ ہو۔ اس آدمی نے کہا: نہیں، اس کی قیمت یہی ہے۔ پھر میں نے دیکھا کہ حضرت علی اپنے کپڑے میں سے درہموں کی گانٹھ کھول رہے تھے، پھر کھول کر انھوں نے اسے تین درہم دیے اور وہ قمیض پہن لی تو اس کی آستین انگلیوں کے کناروں سے آگے بڑھی ہوئی تھی۔ حضرت علی ؓ کے فرمانے پر انگلیوں سے زائد حصہ کو کاٹ دیا گیا۔3 حضرت ابو غُصَین کے ایک آزادکر دہ غلام کہتے ہیں کہ میں نے حضرت علیؓکو دیکھا کہ وہ باہر تشریف لائے اور ایک کھدر بیچنے والے کے پاس گئے اور اس سے فرمایا: کیا تمہارے پاس سنبلان شہر کا بنا ہوا لمبا کُرتا ہے؟ اس کھدر والے نے ایک کُرتا نکالا جسے حضرت علی نے پہنا تو وہ ان کی آدھی پنڈلیوں تک آیا۔ پھر انھوں نے دائیں بائیں دیکھ کر فرمایا: مجھے تو یہ ٹھیک ہی لگ رہاہے، یہ کتنے کا ہے؟ اس نے کہا: اے امیر المؤمنین! چار درہم کا۔ حضرت علی نے لنگی میں سے کھول کر چار درہم اسے دیے اور پھر وہاں سے تشریف لے گئے۔4 حضرت سعد بن ابراہیم ؓ کہتے ہیں کہ حضرت عبد الرحمن بن عوفؓ چار پانچ سو کی چادر یا جوڑا پہنا کرتے تھے۔5 حضرت قزعہ ؓکہتے ہیں: میں نے حضرت ابنِ عمرؓ پر کھردرے کپڑے دیکھے۔ میں نے ان کی خدمت میں عرض کیا: اے ابو عبد الرحمن! چوںکہ آپ نے کھردرے کپڑے پہن رکھے ہیں اس لیے میں آپ کے لیے خراسان کا بنا ہوا نرم کپڑا لایا ہوں، انھیں آپ پر دیکھ کر میری آنکھیں ٹھنڈی ہوں گی۔ انھوںنے فرمایا:ـمجھے دکھائو میں بھی ذرا دیکھوں۔ چناںچہ انھوں نے اسے ہاتھ لگا کر دیکھا اور فرمایا: کیا یہ ریشم ہے؟ میں نے کہا: نہیں، یہ روئی ہے۔ فرمایا: مجھے اس بات کا ڈر ہے کہ اسے پہن کر کہیں میں تکبر کرنے والااور اِترانے والا نہ بن جائوں، اور اﷲ تعالیٰ کو کوئی تکبر کرنے والا اور اِترانے والا پسند نہیں ہے۔1 حضرت عبد اﷲ بن حبیش ؓکہتے ہیں کہ میں نے حضرت ابنِ عمرؓ پر معافر شہر کے بنے ہوئے دو کپڑے دیکھے اور ان کا کپڑا آدھی پنڈلی تک تھا۔2 حضرت وقدان ؓکہتے ہیں کہ ایک آدمی نے حضرت ابنِ عمرؓ سے پوچھاکہ میں کون سے کپڑے پہنا کروں؟ حضرت ابنِ عمر نے فرمایا: ایسے کپڑے پہنو جن میں بے وقوف لوگ تمھیں حقیر نہ سمجھیں اور عقل مند اور بردبار لوگ تم پر ناراض نہ ہوں۔ اس آدمی نے پوچھا: ایسے کپڑے کس قیمت کے ہوں گے؟ انھوں نے فرمایا: پانچ درہم سے لے کر بیس درہم تک۔3 حضرت ابو اسحاق ؓکہتے ہیں کہ میں نے حضرت ابنِ عمرؓ کو آدھی پنڈلی تک لنگی باندھتے ہوئے دیکھا۔ دوسری روایت میں حضرت ابو اسحاق کہتے ہیں کہ میںنے حضورﷺ کے کئی صحابہ حضرت اُسامہ بن زید، ابنِ اَرقم، حضرت براء بن عازب اور