حیاۃ الصحابہ اردو جلد 2 - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
ہے۔ ہم نے پوچھا: یا رسول اللہ! اس وقت آپ کو غسل کون دے؟ آپ نے فرمایا: میرے خاندان کے مرد۔ سب سے زیادہ قریب کے رشتے والا، پھر اس کے بعد والا درجہ بہ درجہ۔ پھر ہم نے پوچھا: ہم آپ کو کس میں کفن دیں؟ آپ نے فرمایا: اگر تم چاہو تو میرے ان ہی کپڑوں میں کفن دے دینا یا یمنی جوڑے میں یا مصری کپڑوں میں کفن دے دینا۔ پھر ہم نے کہا: ہم میں سے کون آپ کی نمازِ جنازہ پڑھائے؟ یہ کہہ کر ہم بھی رو پڑے اور حضورﷺ بھی۔ آپ نے فرمایا: ذرا ٹھہرو، اللہ تمہاری مغفرت فرمائے اورتمھیں تمہارے نبی کی طرف سے بہترین جزا عطا فرمائے! جب تم مجھے غسل دے چکو اور میرے جنازہ کو میرے اس کمرے میں قبر کے کنارے پر رکھ دو، تو پھر تم سب تھوڑی دیر باہر چلے جانا، کیوںکہ سب سے پہلے میرے خلیل اور ہم نشیں حضرت جبرائیل ؑ میری نمازِ جنازہ پڑھیں گے، پھر حضرت میکائیل، پھر حضرت اِسرافیل، پھر ملک الموت ؑ اپنے پورے لشکر کے ساتھ، پھر سارے فرشتے نمازِ جنازہ پڑھیں گے۔ پھر تم ایک ایک جماعت بن کر اندر آجانا اور مجھ پر صلوۃ وسلام پڑھنا اور کسی عورت کو نوحہ کر کے نہ رونے دینا اور نہ شور مچانے دینا اور نہ بلند آواز سے رونے دینا ورنہ مجھے تکلیف ہوگی۔ پہلے میرے خاندان کے مرد اندر آکر صلوۃ وسلام پڑھیں، پھر تم لوگ۔ تم میری طرف سے اپنے لیے سلام قبول کرلو اور جتنے میرے بھائی اس وقت غائب ہیں انھیں میرا سلام کہہ دینا اور میں تمھیں اس بات پر گواہ بناتا ہوں کہ میرے بعد جو بھی تمہارے دین میں داخل ہو میں اسے بھی سلام کہہ رہا ہوں اور آج سے لے کر قیامت تک جو بھی میرے دین کا اتباع کرے گا میں اسے بھی سلام کہہ رہا ہوں۔ پھر ہم نے کہا: یا رسول اللہ! ہم میں سے کون آپ کو قبر میں اتارے؟ آپ نے فرمایا: میرے خاندان کے مرد اور اُن کے ساتھ بہت سے فرشتے ہوں گے، وہ فرشتے تو تمھیں دیکھ رہے ہوں گے لیکن تم انھیں نہ دیکھ سکو گے۔1حضورﷺ کا وصال مبارک حضرت یزید بن بابنوس ؓ کہتے ہیں: میں اپنے ایک ساتھی کے ساتھ حضرت عائشہ ؓ کی خدمت میں گیا۔ ہم نے ان کی خدمت میں اندر آنے کی اجازت چاہی۔ انھوں نے ہمارے لیے ایک تکیہ رکھ دیا اور درمیان میں اپنی طرف پردہ کھینچ لیا (اور ہمیں اند ر آنے کی اجازت دے دی۔ اندر جا کر) میرے ساتھی نے کہا: اے اُمّ المؤمنین! آپ عَرَاک کے بارے میں کیا فرماتی ہیں؟ انھوں نے کہا: عَرَاک کیا ہوتا ہے؟ میںنے اپنے ساتھی کے کندھے پر ہاتھ مارا۔ حضرت عائشہ نے کہا: ایسے نہ کرو، تم نے اپنے بھائی کو تکلیف پہنچائی ہے۔ اچھا! عَرَاک کیا ہوتا ہے؟ حیض کو کہتے ہیں؟ ( یعنی تم حالتِ حیض میں بیوی کے جسم کو ہاتھ اور جسم لگانے کے بارے میں پوچھ رہے ہو) اللہ تعالیٰ نے جوکچھ حیض کے بارے میں فرمایا ہے تم اسی پر عمل کرو۔ (اور اس بارے میں میں اپنا قصہ سناتی ہوں) میں حالتِ حیض میں ہوتی تھی حضورﷺ مجھ سے لپٹتے تھے