حیاۃ الصحابہ اردو جلد 2 - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
(کوئی بات نہیں) تم پھر بھی اسے یہ روٹی دے دو۔ چناںچہ باندی کہتی ہے کہ میں نے اس مسکین کو وہ روٹی دے دی۔ جب شام ہوئی تو ایک ایسے گھر والے نے، یا ایک ایسے آدمی نے جو کہ ہمیں ہدیہ نہیں دیا کرتا تھا ہمیں ایک (پکی ہوئی) بکری اور اس کے ساتھ بہت سی روٹیاں ہدیہ میں بھیجیں۔ حضرت عائشہ ؓ نے مجھے بلا کر فرمایا: اس میں سے کھائو، یہ تمہاری (روٹی کی) ٹکیہ سے بہتر ہے۔1 امام مالک ؓ کہتے ہیں: مجھے یہ بات پہنچی ہے کہ ایک مسکین نے حضور ﷺ کی زوجہ محترمہ حضرت عائشہ ؓ سے کھانا مانگا۔ حضرت عائشہ ؓ کے سامنے انگور رکھے ہوئے تھے۔ انھوں نے ایک آدمی سے کہا: انگور کا ایک دانہ لے کر اسے دے دو۔ وہ حضرت عائشہ کی طرف ( یا اس دانے کی طرف) تعجب سے دیکھنے لگا تو حضرت عائشہ ؓ نے کہا: کیا تمہیں تعجب ہو رہا ہے؟ اس دانے میں تمہیں کتنے ذرّے نظر آرہے ہیں؟ (یہ فرما کر انھوں نے اس آیت کی طرف اشارہ فرمایا ہے: {فَمَنْ یَّعْمَلْ مِثْقَالَ ذَرَّۃٍ خَیْرًا یَّرَہٗ o}2 سوجو شخص دنیا میں ذرہ برابر نیکی کرے گا وہ وہاں اس کو دیکھ لے گا۔اپنے ہاتھ سے مسکین کو دینا حضرت عثمان ؓ کہتے ہیں: حضرت حارثہ بن نعمان ؓ کی بینائی جاچکی تھی۔ انھوں نے اپنی نماز کی جگہ سے لے کر اپنے کمرے کے دروازے تک ایک رسّی باندھ رکھی تھی۔ جب دروازے پر کوئی مسکین آتا تو اپنے ٹوکرے میں سے کچھ لیتے اور رسّی کو پکڑ کر (دروازے تک جاتے اور) خود اپنے ہاتھ سے اس مسکین کو دیتے۔ گھر والے ان سے کہتے: آپ کی جگہ ہم جاکر مسکین کو دے آتے ہیں۔ وہ فرماتے: میںنے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سناہے کہ مسکین کو اپنے ہاتھ سے دینا بری موت سے بچاتا ہے۔3 حضرت عمرو لیثی ؓ کہتے ہیں: ہم حضرت واثلہ بن اسقع ؓ کے پاس تھے، ان کے پاس ایک مانگنے والا آیا۔ انھوں نے روٹی کا ایک ٹکڑا لیا، اس پر ایک پیسہ رکھا اور خود جاکر روٹی کا وہ ٹکڑا اس کے ہاتھ پر رکھا۔ میں نے ان سے کہا: اے ابو الاسقع! کیا آپ کے گھر میں کوئی ایسا آدمی نہیں ہے جو آپ کی جگہ یہ کام کر دے؟ انھوں نے کہا: آدمی تو ہے، لیکن جب کوئی آدمی مسکین کو صدقہ دینے کے لیے چل کر جائے تو اس کے ہر قدم کے بدلہ میں ایک گناہ معاف کر دیا جاتا ہے۔ اور جب جا کر وہ چیز اس مسکین کے ہاتھ میں رکھ دے تو ہر قدم کے بدلہ میں دس گناہ معاف کر دیے جاتے ہیں۔1 حضرت نافع ؓ کہتے ہیں: حضرت ابنِ عمر ؓ روزانہ رات کو اپنے گھر والوں کو جمع کرتے اور سب ان کے بڑے پیالے میں سے کھاتے۔ (کھانے کے دوران) بعض دفعہ وہ کسی مسکین کی آواز سنتے تو اپنے حصہ کا گوشت اور روٹی جا کر اسے دے