حیاۃ الصحابہ اردو جلد 2 - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
کو نہیں ہے۔2 حضرت عمر ؓ نے فرمایا کہ کسی بندے نے غصے کے گھونٹ سے زیادہ بہتر گھونٹ دودھ یا شہد سے زیادہ نہیں پیا۔3غیرت حضرت اُبیّ بن کعب ؓ فرماتے ہیں کہ ایک آدمی نے نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہو کر عرض کیا کہ فلاں آدمی اس کے والد کی بیوی کے پاس جاتا ہے (جو اس کی والدہ نہیں ہے)۔ میں نے کہا: اگر تمہاری جگہ میں ہوتا تو میں تو اس کی گردن اُڑا دیتا۔ یہ سن کر حضورﷺ ہنسے اور فرمایا: اے اُبیّ! تم کتنے غیرت مندہو، لیکن میں تم سے زیادہ غیرت والا ہوں اور اﷲ مجھ سے بھی زیادہ غیرت والے ہیں۔4 ’’بخاری‘‘ اور’’مسلم‘‘ میں حضرت مغیرہ ؓ کی روایت ہے کہ حضرت سعد بن عبادہ ؓ نے کہا: اگر میں کسی آدمی کو اپنی بیوی کے ساتھ دیکھ لیتا تو تلوار کی دھار سے اسے قتل کر دیتا۔ جب حضورﷺکو یہ خبر پہنچی تو آپ نے فرمایا: کیا تم لوگوں کو سعد کی غیرت سے تعجب ہو رہا ہے؟ اﷲ کی قسم! میں سعد سے زیادہ غیرت والا ہوں اور اﷲتعالیٰ مجھ سے زیادہ غیرت والے ہیں، اور غیرت ہی کی وجہ سے اﷲ نے ظاہری اور باطنی بے حیائی کے کاموں کو حرام قرار دیا ہے۔ اور عذر قبول کرنا اﷲ سے زیادہ کسی کو محبوب نہیں، اسی وجہ سے اﷲ تعالیٰ نے ڈرانے والے اور بشارت سنانے والے (نبی) مبعوث فرمائے۔ اور اپنی تعریف سننا اﷲ سے زیادہ کسی کو پسند نہیں اور اسی وجہ سے اﷲ نے جنت کا وعدہ فرمایا ہے۔ ’’مسلم‘‘ میں حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ حضرت سعد بن عبادہؓ نے کہا: اگر میں اپنی بیوی کے ساتھ کسی آدمی کو پائوں تو جب تک میں چار گواہ نہ لے آئوں اس وقت تک کیا میں اسے ہاتھ نہ لگائوں؟ حضورﷺ نے فرمایا: ہاں۔ حضرت سعدنے عرض کیا: ہرگز نہیں۔ اس ذات کی قسم جس نے آپ کو حق دے کر بھیجا! میں تو اس سے پہلے ہی جلدی سے تلوار سے اس کا کام تمام کر دوں گا۔ حضورﷺ نے فرمایا: سنو! تمہارا سردار کیا کہہ رہا ہے؟ یہ بہت غیرت والے ہیں، لیکن میں ان سے زیادہ غیرت والا ہوں اور اﷲتعالیٰ مجھ سے زیادہ غیرت والے ہیں۔1 حضرت ابنِ عباسؓ سے ایک لمبی حدیث اس بارے میں منقول ہے اس میں یہ ہے کہ صحابہ نے عرض کیا: یا رسول اﷲ! آپ سعد کو کچھ نہ فرماویں۔ یہ بہت غیرت والے ہیں، اسی غیرت کی وجہ سے یہ ہمیشہ کنواری عورت سے ہی شادی کرتے ہیں۔ اور جس عورت کو یہ طلاق دیتے ہیں ہم میں سے کسی کو اس سے شادی کرنے کی ہمت نہیں ہوتی ہے۔ حضرت سعد نے عرض کیا: یا رسول اﷲ! مجھے یقین ہے کہ یہ چار گواہ لانے کا حکم حق ہے اوریہ اﷲ کی طرف سے آیا ہے، لیکن مجھے حیرانی تو اس بات پر ہو رہی ہے کہ کسی کمینی عورت کی رانوں پر کوئی مرد رانیں رکھے ہوئے بدکاری کر رہا ہو اور میں چار گواہ