حیاۃ الصحابہ اردو جلد 2 - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
الگ اور ممتاز کر کے رکھو، اور حضرت محمد ﷺ سے روایت کم کیا کرو اور اس کام میں میں تمہارا شریک ہوں۔ اور حضرت عمر ؓ اپنے گورنروں سے بدلہ دلوایا کرتے تھے۔ جب ان سے ان کے کسی گورنر کی شکایت کی جاتی تو اس گورنر کو اور شکایت کرنے والے کو ایک جگہ جمع کرتے، (اور گورنر کے سامنے شکایت سنتے) اگر اس گورنر کے خلاف کوئی ایسی بات ثابت ہوجاتی جس پر اس کی پکڑ لازمی ہو تی تو حضرت عمر اس کی پکڑ فرماتے۔2 حضرت ابو خُزیمہ بن ثابت ؓ کہتے ہیں: جب حضرت عمر ؓکسی کو گورنر مقرر فرماتے تو اَنصار اوردوسرے حضرات کی ایک جماعت کو اس پر گواہ بنا تے اور اس سے فرماتے: میں نے تم کو مسلمانوں کا خون بہانے کے لیے گورنر نہیں بنایا ہے۔ آگے پچھلی حدیث جیسامضمون ہے۔3 حضرت عبد الرحمن بن سابِط ؓکہتے ہیں: حضرت عمر بن خطّاب ؓ نے آدمی بھیج کر حضرت سعید بن عامر جمحی ؓکو بلایا اور ان سے فرمایا: ہم تمہیں ان لوگوں کا امیر بنا رہے ہیں۔ ان کو لے کر دشمن کے علاقہ میں جائو اور ان کو لے کردشمن سے جہا د کرو۔ انھوں نے کہا: اے عمر! آپ مجھے آزمایش میں نہ ڈالیں۔ حضرت عمر نے فرمایا: میں تمہیں نہیں چھوڑوں گا۔ تم لوگ خلافت کی ذمہ داری میرے کندھوں پر ڈال کر مجھے اکیلا چھوڑ کر خود الگ ہو جانا چاہتے ہو۔ میں تمہیں ایسے لوگوں کا امیر بنا کر بھیج رہا ہوں کہ تم ان سے افضل نہیں ہو، اور میںتمہیں اس لیے بھی نہیں بھیج رہا ہوں کہ تم مار مار کر ا ن کی کھال ادھیڑ دو اور تم ان کی بے عزتی کرو، بلکہ اس لیے بھیج رہا ہوں کہ تم ان کو لے کر ان کے دشمن سے جہاد کرو اوران کا مالِ غنیمت ان میں تقسیم کرو۔1 حضرت ابو موسیٰ ؓ نے فرمایا: (اے لوگو!) امیر المؤمنین حضرت عمر بن خطّاب ؓ نے مجھے تمہارے پاس اس لیے بھیجا ہے تاکہ میں تمہیں تمہارے ربّ کی کتاب اور تمہارے نبی کریم ﷺ کی سنت سکھائوں اور تمہارے لیے تمہارے راستے صاف کردوں ۔2امیر کے عام مسلمانوں سے اپنا معیارِ زندگی بلند کرنے پر اور دربان مقرر کرکے ضرورت مندوں سے چھپ جانے پر نکیر حضرت ابو صالح غِفَاری ؓ کہتے ہیں: حضرت عمرو بن عاص ؓ نے (مصر سے) حضرت عمر بن خطّاب ؓ کو خط لکھا کہ ہم نے (یہاں) جامع مسجد کے پاس آپ کے لیے ایک مکان کی جگہ مخصوص کر دی ہے۔ حضرت عمر نے اس کے جواب میں لکھا کہ حجاز میں رہنے والے آدمی کے لیے مصر میں گھر کیوں کر ہو سکتا ہے؟ اور حضرت عمر و کو حکم دیا کہ اس جگہ کو مسلمانوں کے لیے بازار بنا دیں۔3