حیاۃ الصحابہ اردو جلد 2 - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
جاتا ہے۔ حضورﷺ نے فرمایا: اسے لعنت نہ کرو، اللہ کی قسم! جہاں تک میںجانتا ہوں یہ اللہ اور اس کے رسول سے محبت کرتا ہے۔1 حضرت عمر ؓ فرماتے ہیں: ایک آدمی کا لقب حمار تھا۔ وہ حضورﷺ کو گھی کی کپی اور شہد کی کپی ہدیہ میں دیا کرتے تھے۔ جب گھی اور شہد والا ان سے قیمت لینے آتا تو اسے حضورﷺ کی خدمت میں لے آتے اور عرض کرتے: یا رسول اللہ! اسے اس کے سامان کی قیمت دے دیں۔ اس پر حضورﷺ صرف مسکراتے اورکچھ نہ فرماتے، اور پھر آپ کے فرمانے پر قیمت اس کو دے دی جاتی۔ ایک دن ان کو حضورﷺ کی خدمت میں لایا گیا، انھوں نے شراب پی رکھی تھی، اس پر ایک آدمی نے کہا۔ آگے پچھلی حدیث جیسا مضمون ذکر کیا ہے۔2 حضرت زید بن اسلمؓ کہتے ہیں کہ ابنِ نعمانؓ کو (شراب پینے کی وجہ سے) حضور ﷺ کی خدمت میں لایا گیا۔ آپ نے ان کو کوڑے لگائے اور چار پانچ مرتبہ ایسے ہی ہوا (اسی جرم میں پکڑ کر انھیں لایا جاتا حضورﷺ ان کو کوڑے لگاتے)۔ آخر ایک آدمی نے کہہ دیا: اے اللہ! اس پر لعنت بھیج، یہ کتنی زیادہ شراب پیتا ہے اور اسے کتنی مرتبہ کوڑے لگائے جا چکے ہیں۔ حضورﷺ نے فرمایا: اس پر لعنت نہ بھیجو، کیوںکہ یہ اللہ اور اس کے رسول سے محبت کرتا ہے۔3 حضرت ابو ہریرہ ؓ فرماتے ہیں: نبی کریمﷺ کے پاس ایک آدمی لایا گیا جس نے شراب پی رکھی تھی۔ حضورﷺ کے فرمانے پر صحابہ نے اسے مارا۔ کسی نے اسے اپنی جوتی سے مارا، کسی نے ہاتھ سے مارا اور کسی نے کپڑے (کا کوڑا بنا کر اس) سے مارا۔ پھر آپ نے فرمایا: اب بس کرو۔ پھر حضورﷺ کے فرمانے پر صحابہ نے اسے ملامت کی اور اس سے کہا: تمھیں اللہ کے رسولﷺ سے شرم نہیں آتی تم یہ (برا) کام کرتے ہو؟ پھر حضورﷺ نے اسے چھوڑ دیا۔ جب وہ پشت پھیر کر چلا گیا تو لوگ اسے بد دعا دینے لگے اور اسے برا بھلا کہنے لگے۔ کسی نے یہاں تک کہہ دیا: اے اللہ! اسے رسوا فرما۔ اے اللہ! اس پر لعنت بھیج۔ حضورﷺ نے فرمایا: ایسے نہ کہو اور اپنے بھائی کے خلاف شیطان کے مددگار نہ بنو بلکہ یہ دعا کرو: اے اللہ! اس کی مغفرت فرما۔ اے اللہ! اسے ہدایت دے۔ ایک روایت میں یہ ہے کہ تم ایسے نہ کہو، شیطان کی مدد نہ کرو، بلکہ یہ کہو: اللہ تجھ پر رحم فرمائے۔1 حضرت سلمہ بن اکوع ؓ فرماتے ہیں: جب ہم دیکھتے کہ کوئی آدمی دوسرے کو لعنت کر رہا ہے تو ہم یہی سمجھتے کہ یہ کبیرہ گناہوں کے دروازوں میں سے ایک دروازے پر پہنچ گیا ہے، یعنی اس نے کبیرہ گناہ کا ارتکاب کیا ہے۔2مسلمان کو گالی دینا حضرت عائشہ ؓ فرماتی ہیں: ایک آدمی آ کر حضورﷺ کے سامنے بیٹھ گیا۔ پھر اس نے عرض کیا: میرے چند غلام ہیں جو